پٹرولیم قیمتوں میں کمی مہنگائی کامتبادل نہیں،شاہ خرچیاں کم،مزدور کی تنخواہ میں اضافے کی کوشش کریں گے:وزیراعظم

اسلام آباد،لاہور:(بیورورپورٹ، اپنے رپورٹر سے،خبر نگار) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے حقیقت ہے بندہ مزدور کے اوقات واقعی بہت سخت اور زندگی غریب آدمی پر تنگ ہے، مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی کو تنگ کردیا ، غریب آدمی محنت کے باوجود دن کے اخراجات بڑی مشکل سے برداشت کرتا ہے، سرمایہ کار ،محنت کش گاڑی کے 2پہیے ہیں ،سرمایہ اس وقت تک دولت پیدا نہیں کر سکتا جب تک مزدور شامل نہیں ہوتا،مزدور کی محنت سے سرمائے میں برکت آتی ہے ، معیشت کو مستحکم کرنے کےلئے نظام میں دورس تبدیلیاں لا رہے ہیں ، ملک سے کرپشن سمیت تمام برائیوں کا خاتمہ کریں گے، شاہ خرچیوںمیں بے پناہ کمی لےکر آئیں گے،بجٹ میں مزدور کی تنخواہ میں اضافے کی کوشش کریں گے۔

یکم مئی پراپنی رہائشگاہ پر مزدوروں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب اور ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہالاکھوں مسلمانوں نے پاکستان بنانے کےلئے اپنے خون کا نذرانہ اس لئے پیش نہیں کیا تھا جبر ،لوٹ کھسوٹ ،غریب غریب تر اورامیر امیر تر ہو جائے یہ پاکستان بنانے کا ہرگز مقصد نہیں تھا ، پاکستان بنانے کا مقصد اسلامی فلاحی ریاست تھا ،سب ملکر پاکستان کو جلد جائز مقام دلوائیں گے،پٹرولیم قیمتوں میں کمی مہنگائی کا متبادل نہیں ،عام آدمی کوبچوں کی تعلیم ، بیمار ماں یا بیٹی کےلئے دوائی خریدنا مشکل ہے ، شبانہ روز محنت کے باوجود ایک دن کے اخراجات بڑی مشکل سے برداشت کرتا ہے۔

شہبازشریف نے کہاوقت کاتقاضہ ہے امیر و غریب کے فرق کو کم کیا جائے،کسان موسم کی شدت کے باوجود اجناس اگاتا ہے لیکن جب تک جائز حق نہیں ملے گا ملک ترقی نہیں کر سکتا ،سرمایہ کار و محنت کش ایک ہی گاڑی کے پہیے ہیں ، ایک پہیہ تیزی سے چلے اور دوسرا پہیہ تیزی سے نہیں چلے گا تو گاڑی نہیں چل سکتی۔

وزیراعظم نے کہاپاکستان انتہائی مشکل معاشی حالات سے دوچار ہے ،حالات سے باہر آنے کےلئے سب مل کر دن رات کوشش کر رہے ہیں ،دعا ہے پاکستان اپنے پاﺅں پر کھڑا ہو ،معیشت کو چار چاند لگ جائیں اور طاقتور بن جائے ،بطور خادم پاکستان دورس گہری تبدیلیاں لےکر آرہے ہیں ، پاکستان کے کھربوں روپے کرپشن کی نظر ہو رہے ہیں ،واپس لانے کےلئے دن رات کوشاں ہیں۔

شہبازشریف نے کہادورہ سعودیہ انتہائی کامیاب رہا،ولی عہد شاہ سلمان دل سے چاہتے ہیں پاکستان ترقی کرے، چند دنوں میں سعودی سرمایہ دار پاکستان آئیں گے، کہیں نہیں لکھا مزدور کا بیٹا مزدور اور سرمایہ دار کا بیٹا صرف امیر ہی بنے گا،کرپشن کا خاتمہ ہونے والا ہے، سب ملکر جلد پاکستان کو اپنا عظیم مقام واپس دلوائیں گے،بجٹ میں مزدور کی تنخواہ میں اضافہ کرنے کی کوشش کریں گے، لیپ ٹاپ امیروں کو نہیں بلکہ عام بچوں کو دئیے ، محنت کشوں کی زندگیوں میں بہتری کےلئے منصوبے بنانا ہوں گے، یقین دلاتا ہوں اب خادم پاکستان کے طور پر صوبوں کےساتھ ملکر وسائل محنت کشوں ،بچیوں ،بچوں کےلئے مختص کریں گے، آپ کی بہتری و خوشحالی کےلئے کوئی کسر نہیںچھوڑیں گے۔