فیصل آباد،ڈینگی سے بچاﺅ کے اقدامات نہ کرنےوالے ملازمین کےخلاف کارروائی کا حکم

فیصل آباد( سید صداقت علی شاہ)ڈینگی لاروا کی چیکنگ کرنے والے عملے نے جعلی سرویلنس رپورٹس بھیج کر حکام کو ماموں بنانا شروع کر دیا، مختلف سرکاری محکموں کے افسران نے بھی اپنے دفاتر میں ڈینگی سے بچاﺅ کےلئے اقدامات کرنے میں دلچسپی لینا چھوڑ دی ،بعض ضلعی افسران انسداد ڈینگی کمیٹی کے اجلاس میں بھی حاضر ہونے سے گریزاں ، ڈپٹی کمشنر کا سخت نوٹس ، فرضی رپورٹس بنانے اور دفاتر میں ڈینگی سے بچاﺅ کے اقدامات نہ کرنے والے ملازمین کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کردی ۔

ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ کی زیرصدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کا اجلاس ہو ا ، ڈپٹی کمشنرنے بعض محکموں کے اینڈرائڈ یوزرز کی طرف سے فرضی سرویلنس پر شدید برہمی کا اظہار کیا،انہوں نے ماحولیات،میونسپل کارپوریشن کو زیرتعمیر بلڈنگز میں لاروا ملنے پر مالک یا ذمہ دار فرد کےخلاف مقدمہ درج کرانے کا حکم دیا،انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر کالجزسے کہا سرکاری ونجی کالجزکی چھتوں کو بلاناغہ چیک کریں۔ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر ایکشن ہوگا۔ اسسٹنٹ کمشنرز سابقہ سیزن میں لاروا ملنے کی جگہوں کو باربار چیک کریں۔ تمام ضلعی افسران اپنے دفاتر میں صفائی کو یقینی بنائیں اور چھتوں کو بلاناغہ چیک کرنے کے علاوہ پرانا کاٹھ کباڑ وسامان تلف کریں۔ اینڈرائڈ موبائل یورزر کی پراگریس کو روزانہ ریویو کیا جائے۔فرضی رپورٹس بھجوانے والوں کے خلاف ایکشن ہونا چاہیے۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس میں بعض ضلعی افسران کی غیر حاضری پر ناراضی کا اظہار کیااور کہا کہ آئندہ اجلاس میں افسران اپنی موجودگی یقینی بنائیں بصورت دیگر متعلقہ محکموں کے سیکرٹری کو تحریر کیا جائے گا۔