اسلام آباد (مشرق نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججوں کے خط پر ازخود نوٹس کیس کی سماعت جاری ہے۔ چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 6 رکنی بینچ سماعت کر رہا ہے۔ 6 رکنی بینچ میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس جمال مندوخیل،جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس نعیم اختر افغان شامل ہیں۔
اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان کے عدالت میں دلائل جاری ہیں۔ چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے عدالت میں موجود وکلا اور دیگر غیر متعلقہ افراد کو ہدایت کی عدالت میں سنجیدگی سے بیٹھیں، بیٹھنے کی جگہ نہیں مل رہی تو چلے جائیں ورنہ خاموش رہیں، عدالت کی سماعت کو سنجیدہ لیں، کسی کوعدالت میں بات چیت کرنی ہے تو باہر بھیج دیں گے، کون سی چیزیں ہیں جو ہائیکورٹ کے دائرہ اختیار میں نہیں آتیں، تمام ہائیکورٹس سے تجاویز مانگی ہیں۔ اٹارنی جنرل نے اسلام آباد ہائیکورٹ کی تجاویز پڑھ کر سنائیں۔
چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ سماعت کے آغاز سے پہلے کچھ چیزوں کی وضاحت کرنا چاہتا ہوں، سپریم کورٹ کی کمیٹی نے ا?رٹیکل 184/3 کے تحت سماعت کا فیصلہ کیا، کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ جو جج اسلام آباد میں دستیاب ہیں سب کو بلا لیا جائے، اس معاملے پر سماعت کیلئے ججوں کو منتخب نہیں کیا گیا۔ جسٹس یحییٰ آفریدی نے خود کو بینچ سے الگ کیا، جسٹس یحییٰ آفریدی نے اس پر اپنا حکم نامہ بھی جاری کیا، ہر جج کا نقطہ نظر اہم ہے، جسٹس یحییٰ آفریدی کی سماعت سے معذرت کو آسان معاملہ نہ سمجھا جائے۔
میں نے نشاندہی کی تھی کہ شاید اگلی سماعت پر فل کورٹ ہو، 2 ججوں کی دستیابی نہیں تھی، اسلئے فل کورٹ نہیں بلایا جا سکا، دیگر دستیاب جج ملے اور کہا کہ سماعت ملتوی ہوئی تو مسئلہ ہو گا، ججوں نے کہا کہ پہلے ہی ملک میں تقسیم ہے، لوگ شاید عدلیہ کی آزادی سے زیادہ اپنے نقطہ نظر کے پرچار میں دلچسپی رکھتے ہیں، یہ انتہائی تکلیف دہ تھا کہ سابق چیف جسٹس پر تنقید کے نشتر برسائے گئے، اگر کوئی اپنی مرضی اس عدالت پر مسلط کرنا چاہے تو وہ بھی مداخلت ہے۔
چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ مداخلت اندر سے ہو سکتی ہے، باہر سے بھی، مداخلت حساس اداروں، آپ کے ساتھیوں، فیملی کی طرف سے بھی ہو سکتی ہے، مداخلت سوشل میڈیا کی طرف سے بھی ہو سکتی ہے اور کسی بھی طرف سے ہو سکتی ہے، ہم کنڈکٹ سے دکھائیں گے کہ مداخلت ہے یا نہیں، ججوں کا حکم نامہ دکھاتا ہے، بتاتا ہے، چیختا ہے کہ کتنی مداخلت ہوئی ہے؟ ججوں کا حکم نامہ بتاتا ہے کتنی آزادی ہے؟ کتنی نہیں؟ ہم نہیں سمجھتے کہ ہم مداخلت کا معاملہ سنجیدگی سے نہیں لیتے، ہر کسی کی مختلف سمجھ بوجھ ہو سکتی ہے، میں سپریم کورٹ کی تاریخ کا ذمہ دار نہیں ہوں،میں صرف اس چیز کا ذمہ دارہوں جو میرے چیف جسٹس بننے کے بعد سامنے آئی۔
چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ ہمیں طریقہ کار پتہ ہے، کون سا کیس لگنا ہے؟ کون سا کیس نہیں لگنا؟ جب سے حلف اٹھا لیا، سپریم کورٹ میں ملی بھگت کو ختم کر دیا ہے، میں نے لکھ کر دیا تھا کہ دھرنے کے پیچھے جنرل فیض حمید تھے، جب حکم آ گیا تھا کہ قانون سازی کریں تو کریں، جب تک پارلیمان مضبوط نہیں ہو گی تو دوسرے طاقتور ہو جائیں گے۔
چھ ججوں کے خط پر ازخود نوٹس، میں نے لکھ کر دیا تھا کہ دھرنے کے پیچھے جنرل فیض حمید تھے: چیف جسٹس پاکستان
















