ریاض :(نمائندہ خصوصی)وزیراعظم شہباز شریف سے عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کی سائیڈ لائینز پر سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح،وزیر خزانہ الجدعان اور وزیر برائے صنعت بندر بن ابراہیم الخیریف نے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔
ملاقات میں اتفاق کیا گیا سعودی عرب پاکستان میں سرمایہ کاری کے مزید مواقع تلاش کرےگا،وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سعودی وزیر سرمایہ کاری نے ملاقات میں وزیراعظم کو ”پرائم منسٹر آف ایکشن“ قرار دیتے ہوئے کہاسب آپ کی کارکردگی اور کام کرنے کی رفتار سے آگاہ ہیں،آپ پاکستان کے ترقی کے مشن کو لےکر چل رہے ہیں جس میں ہم سب آپ کےساتھ ہیں،آپ کا مشن ہمارا مشن ہے۔
سعودی وزیر سرمایہ کاری نے کہا سعودی سرمایہ کاروں کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا،سرمایہ کاری کیلئے پاکستان ترجیح ہے، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی ،توانائی کے شعبے میں بھرپور تعاون جاری رہے گا،ماضی میں پاکستانیوں نے سعودی عرب کے مختلف شعبوں کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا،وزیراعظم ،سعودی وزیر خزانہ کی ملاقات میں اتفاق ہوا سعودی عرب پاکستان میں سرمایہ کاری کے مزید مواقع تلاش کرےگا۔
سعودی وزیر خزانہ نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی اقتصادی ترقی کےلئے اپنی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہاپاکستان کی ترقی سعودی عرب کی ترقی ہے،سعودی عرب نے ویژن 2030 کے حوالے سے حکومتی سطح پر اصلاحات کیں ،مشکل فیصلے کئے،وزیراعظم سے سعودی وزیر صنعت کی بھی ملاقات ہوئی،سعودی وزیر صنعت نے زراعت ، معدنیات، آئی ٹی و دیگر شعبوں میں پاکستان کےساتھ اشتراک کے حوالے سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور پیشرفت سے آگاہ کیا، سعودی وزیر صنعت نے کہاسعودی نجی کمپنیوں سے پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے رابطے میں ہوں ، کمپنیوں کے نمائندگان جلد پاکستان کا دورہ کریں گے ،دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان اشتراک ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعظم نے پاکستان کا ہر مشکل میں ساتھ دینے پر خادم حرمین شریفین سلمان بن عبد العزیز آل سعود ،سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود ،سعودی وزرا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہامیرے پچھلے دور حکومت میں سعودی عرب کی حمایت اور مدد کی بدولت معاشی حالات بہتر ہوئے،سعودی عرب ،پاکستان ایک دوسرے کے سٹریٹجک پارٹنرز ہیں۔
دریں اثناوزیراعظم شہبازشریف سے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف ) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے عالمی اقتصادی فورم کی سائیڈ لائینز پر اہم ملاقات کی اورقائدانہ کردار کو سراہا، شہبازشریف نے کرسٹالینا جارجیوا کا گزشتہ سال کا سٹینڈ بائی ارینجمنٹ (ایس بی اے) حاصل کرنے میں پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہامعیشت کو دوبارہ پٹڑی پر لانے کےلئے پوری طرح پرعزم ہےں، وزیر خزانہ اورنگزیب کی سربراہی میں مالیاتی ٹیم کو اصلاحات کرنے، سخت مالیاتی نظم و ضبط اور میکرو اکنامک استحکام و پائیدار اقتصادی ترقی یقینی بنانےوالی دانشمندانہ پالیسیوں پر عمل کرنے کی ہدایت کردی۔
ملاقات میں پاکستان کے آئی ایم ایف کے ایک اور پروگرام میں داخل ہونے پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا،وزیراعظم نے ایم ڈی آئی ایم ایف کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔
وزیراعظم شہبازشریف ،صدر اسلامی ترقیاتی بینک ڈاکٹرسلیمان الجاسر سے بھی ملے،وزیراعظم نے سیلاب کے بعد بحالی میں اسلامی ترقیاتی بینک کی معاونت کو سراہا اورڈاکٹر الجاسر کے ذاتی تعاون و قائدانہ کردار کو تسلیم کیا۔
شہباز شریف نے کہا اسلامی ترقیاتی بینک کی پاکستان کےساتھ مفید شراکت داری ، تعمیرنو اور روزگار کی فراہمی میں مدد فراہم کرنے کےساتھ حکومت کے پائیدار ترقی کے مقاصد کے حصول میں بھی معاون ثابت ہو رہی ہے،ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو صحیح خطوط پر استوار کرنے ،غیر ملکی سرمایہ کاروں کے تمام خدشات کو دور کرنے اور ون ونڈو آپریشنز مہیا کرنے کےلئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل پوری طرح سے فعال ہے،اسلامی ترقیاتی بینک نے جاری مختلف منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے پر اتفا ق کیا، صدر اسلامی ترقیاتی بینک ڈاکٹرسلیمان الجاسر نے کہا پاکستان اسلامی ترقیاتی بینک کا انتہائی اہم بانی رکن ہے ،پاکستان کی بڑی افرادی قوت سے بھرپور طریقے سے استفادہ کیا جا سکتا ہے، پاکستان کی خوشحالی و ترقی کےلئے دعا گو ہیں۔
مزید برآں عالمی اقتصادی فورم میںمباحثہ سے خطاب میںوزیر اعظم شہباز شریف نے صحت کے شعبے میں عالمی عدم مساوات کو سب سے اہم مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا صحت کے میدان میں بین الاقوامی سطح پر ترقی یافتہ اور ترقی پذیر و کم ترقی یافتہ ممالک کے درمیان بڑھتی خلیج کو ختم کرنے کی اشد ضرورت ہے،پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے متاثرہ ملکوں میں سرفہرست ہے،حکومت ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کےلئے پرعزم ہے۔
شہبازشریف نے کہا شعبہ صحت میں عالمی عدم مساوات بڑا مسئلہ ہے، کووڈ 19 وبائی مرض نے صحت کی سہولیات کی فراہمی ،ویکسینوں کی تقسیم کے معاملے میں گلوب ساﺅتھ ونارتھ کے مابین بڑے پیمانے پر موجود خلا کو بے نقاب کیا،2003 میں جب سعودی عرب میں جلاوطنی کی زندگی گزار رہا تھا تب مجھے کینسر کا مرض لاحق ہوا،علاج کیلئے نیویارک گیا تو ہزاروں ڈالر علاج پر لگے تب سوچا اتنا مہنگا علاج برداشت کرنے کی لوگ صلاحیت نہیں رکھتے ، خوش قسمتی سے صحت یاب ہوکر پاکستان آیا اور پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے منصب پر فائزہوتے ہی پنجاب میں کڈنی کینسر و جگر کے امراض کے علاج کیلئے ادارے بنانے پر کام شروع کیا، اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے عوام کو صحت کی فراہمی کا عزم کیا۔
وزیراعظم نے کہا بطور وزیراعلیٰ پنجاب اپنے صوبے میں ہیپاٹائٹس کے مرض کے علاج کی سہولیات پنجاب کے دور دراز علاقوں میں بھی فراہم کیں، سٹی سکین جیسی سہولیات دیں، لاہور میں جنوبی ایشیا کا بہترین کڈنی ہسپتال بنایا، چین ،بھارت جا کر انتہائی مہنگا علاج کرانے والوں کو سہولت میسر آئی،ماحولیاتی تبدیلی نے عالمی منظر نامے کو بدل کر رکھ دیا ۔
شہبازشریف نے کہاپاکستان کا شمار ماحولیاتی تبدیلی سے متاثرہ ملکوں میں سرفہرست ہوتا ہے تاہم ماحولیاتی آلودگی میں حصہ نہ ہونے کے برابر ہے ،2022میں ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان میں شدید ترین سیلاب نے زراعت، انفراسٹرکچر کو تباہ کیا، 100 ارب سے زائد بحالی پر خرچ ہوئے، اس وقت بیرونی امداد کی ضرورت تھی جبکہ مہنگے قرضے ملے، کیا ترقی پذیر ممالک ایسی صورتحال سے نمٹنے کی اہلیت رکھتے ہیں؟ ،پولیوکے مکمل خاتمے کیلئے کوششیں جاری ہیں، بل گیٹس کا صحت کے شعبے میں تعاون قابل ستائش ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے عالمی صحت کے ایجنڈے پر گفتگو کرتے ہوئے خادم الحرمین شریفین، سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے اقدامات کو زبردست انداز میں سراہا اورپولیو کے خاتمے کیلئے اقدامات پر بل گیٹس کو خراج تحسین پیش کیا،شہبازشریف نے کہا سعودی فرمانروا اور سعودی ولی عہد اپنے اقدمات سے دکھی انسانیت کی مدد کر رہے ہیں،بل گیٹس کے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کیلئے اقدامات کا ذکر نہیں کرتا تو منصفانہ بات نہ ہوگی،بل گیٹس فاونڈیشن کی فراخدلی ہے ہر سال پاکستان میں لاکھوں بچوں کو پولیو ویکسین کی فراہمی یقینی بنائی جاتی ہے ۔
علاوہ ازیں وزیراعظم شہبازشریف نے کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح سے ملاقات کی،اپنے دوبارہ انتخاب پر امیر کے تہنیتی خط پرشکریہ ادا کیا،شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کو امیر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے وزیر اعظم نے ملکر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تاکہ دوطرفہ تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کیا جا سکے جو دونوں ممالک کے عوام کے بہترین مفاد میں ہو گا،وزیراعظم نے کویت کے امیر کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔
آبنائے ہرمز کشیدگی کے باوجود پٹرول قیمتوں میں مسلسل کمی
ADB نے پاکستان کیلئے 25 کروڑ ڈالرز قرض کی منظوری دیدی
طاقت کے مرکز کے قریب ہونے کا مطلب یہ نہیں دوسروں کو روند کر آگے بڑھا جائے:خواجہ آصف
پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مشترکہ کمرشل ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو مخصوص ایجنڈے،نظریات کے فروغ کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے: عطاتارڑ
پنجاب میں جنسی تشدد کی روک تھام، متاثرین کے تحفظ ، انصاف تک رسائی کیلئے جامع فریم ورک کا اجرائ
افسران کے مابین پیشہ ورانہ مہارتوں کا تبادلہ عوام دوست پولیسنگ کی بنیاد ہے :آئی جی پنجاب
ایف بی آر کا 17 سالہ مربوط ٹیکس نظام ختم، انکم اور سیلز ٹیکس کے شعبے الگ کرنے کا فیصلہ
تمام پراجیکٹس کو مقررہ وقت اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے: کمشنر ساہیوال
خیبر پختونخوا میں ہیومن ریسورس مینجمنٹ کا نام تبدیل، اسٹیبلشمنٹ مقرر


















