سیشن جج کے اغوا کامقدمہ درج،انکوائری کمیٹی قائم،پشاور ہائیکورٹ کانوٹس

ٹانک،پشاور:(بیورورپورٹ)سیشن جج وزیرستان کے اغوا کامقدمہ درج،انکوائری کیلئے خصوصی کمیٹی قائم،پشاور ہائیکورٹ نے مبینہ اغوا کا نوٹس لے لیا۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق ڈیرہ ٹانک روڈ گرہ محبت موڑ پر جج کی گاڑی پہنچی تو 25 سے 30 ملزم موجود تھے، ملزم بھاری اسلحہ سے لیس،4 سے 5 موٹرسائیکلوں سے روڈ بلاک کررکھا تھا،ملزموں نے گاڑی کو روک کر فائر کیے، فائرنگ سے جج ،ڈرائیور گاڑی سے اتر گئے،مبینہ دہشتگردوں نے جج کے ڈرائیور کی آنکھ پر کپڑا باندھا ،5 دہشتگرد جج کےساتھ گاڑی میں سوار ہوگئے، 40 منٹ کے بعد گاڑی کو روکا تو گاڑی جنگل پہنچ چکی تھی۔

درج کی گئی ایف آئی آر میں کہا گیا جج پینٹ شرت پہنے ہوئے تھے، ملزموں نے گاڑی میں سے شلوار قمیص نکال کر پہننے کو کہا، جج نے لباس تبدیل کیا، بعدازاں دہشتگردوں نے گاڑی کو آگ لگادی،ایف آئی آر میں دعویٰ کیا گیا دہشتگرد ملزموں میں مروت، محسود، گنڈاپور اور افغانی شامل تھے، ڈرائیور کو رہا کرکے دہشتگردوں نے اپنا پیغام پہنچانے کو کہا، دہشتگردوں نے کہا رشتے داروں ،خواتین کو جیلوں میں رکھا ہوا ہے، اپنے مطالبات پیش کریں گے اگر پورے کیے تو جج کو چھوڑ دیں گے ورنہ سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔

ایف آئی آر میں 7 اے ٹی اے، 149، 148 سمیت دیگر دفعات شامل کرلی گئیں۔

دریں اثناجج اغوا کیس پر قائم خصوصی کمیٹی میں سی ٹی ڈی، پولیس و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام شامل ہیں ،پولیس حکام کے مطابق جج کی گاڑی کو ریکور کرکے جائے وقوعہ کے روٹ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرلی۔

ادھر ڈی آئی خان اور ٹانک سرحد پر سکیورٹی سخت کر دی گئی ،کسی بھی گاڑی اور شخص کو بغیر تلاشی کے پختونخوا سے پنجاب میں داخل ہونے سے روکنے کے احکامات جاری کردئیے گئے۔

دوسری جانب پشاور ہائیکورٹ نے سیشن جج وزیرستان شاکر مروت کے مبینہ اغوا کا نوٹس لے لیا،عدالت نے آئی جی خیبر پختونخوا ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم کو طلب کرکے بازیابی کےلئے ٹھوس اقدامات کا حکم جاری کردیا۔