جلد اور معیاری انصاف کی فراہمی عدالت عالیہ کی اوّلین ترجیح ہے :چیف جسٹس ہائیکورٹ

لاہور (کورٹ رپورٹر) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس ملک شہزاد احمد خان سے گزشتہ روز ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے وفد نے ملاقات کی۔وفد کی قیادت ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے صدر ملک سجاد حیدر میتلا کررہے تھے جبکہ وفد کے دیگر اراکین میں بار کے جنرل سیکرٹری سید انیس مہدی اور سینئر ایڈووکیٹ ملک مسرور حیدر عثمان بھی شامل تھے۔وفد نے فاضل چیف جسٹس کو ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے جلد از جلد دورہ کی دعوت دی۔ وکلاءرہنماوں نے فاضل چیف جسٹس کو ملتان ڈویڑن کی بار ایسوسی ایشنز کو درپیش مسائل سے متعلق آگاہ کیا اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وکلاءرہنماوں نے وکلاءاور سائلین کی آسانی کیلئے فاضل چیف جسٹس کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہا اور بار ایسو سی ایشنز کی فلاح کے حوالے سے تجاویز بھی پیش کیں۔ صدر ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان نے فاضل چیف جسٹس سے درخواست کی کہ لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ پر ججوں کی تعداد کم ہونے سے زیر التواءمقدمات کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے، اسلئے لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ پر ججوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔ صدر ہائیکورٹ بار نے لاہور ہائی کورٹ میں ججوں کی تعیناتی میں ملتان بار سے وکلاءکی نامزدگیوں کی بھی تجویز دی۔ مزید برآں وفد نے مطالبہ کیاکہ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے کانفرنس ہال کیلئے ایئر کنڈیشنرز اور 500 ایگزیکٹو چیئرز مہیا کی جائیں، وکلاءکی فلاح و بہبودکیلئے مناسب فنڈز دیئے جائیں اور خواتین بار ممبران کیلئے لیڈیز بار روم اور ڈے کیئر سنٹر کے قیام کیلئے اقدامات بھی کئے جائیں۔ فاضل چیف جسٹس نے کہا کہ جلد اور معیاری انصاف کی فراہمی عدالت عالیہ لاہور کی اوّلین ترجیح ہے، اور وکلاءفراہمی انصاف کے نظام کو مزید موثر بنانے کیلئے ہمارے شانہ بشانہ کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملتان ڈویژن کی تمام بار ایسوسی ایشنز کے مسائل کوترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کی جائیگی اور نوجوان وکلاءکی فلاح کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائیگا۔