نرسنگ شعبہ میں بہتری کی گنجائش ،کالجز کا جائزہ لیں گے:صوبائی وزراء

لاہور:(ہیلتھ رپورٹر)صوبائی وزراءصحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے زیر اہتمام چوتھی پرنسپلز نرسنگ اینڈ الائیڈ ہیلتھ پروفیشنل انسٹی ٹیوٹس کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی،سیکرٹری صحت پنجاب علی خان نے پریزنٹیشن میں نرسنگ شعبہ کی بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔

صوبائی وزرا صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے کانفرنس کے دوران اے ایل ایس سٹیمولیٹر کی عملی مشقوں اور نرسنگ کالجز کو فراہم کئے جانے والے طبی سامان کا بھی جائزہ لیا،صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کانفرنس کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا نرسنگ شعبہ میں بہتری کی بہت گنجائش موجود ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی نرسنگ شعبہ کی بہتری کیلئے ہدایت کی ہے، تمام نرسنگ کالجز کا دورہ کرکے حالات کا جائزہ لیں گے، کسی بھی سرکاری یا نجی ہسپتال میں مریضوں کے علاج و معالجہ میں ایک نرس کا بنیادی کردار ہوتا ہے، پنجاب کے نرسنگ شعبہ کا معیار بین الاقوامی سطح پر لے جانے کی کوشش کریں گے،صوبائی وزیر محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر نے کانفرنس کے شرکاءسے خطاب میں کہا45 نرسنگ کالجز میں ری ویمپنگ کا منصوبہ ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا گیا،نرسنگ شعبہ کی حوصلہ افزائی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے۔