لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیوروسائنسز میں پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کے زیر اہتمام پہلی دو روزہ انٹرنیشنل پاکستانی ایسوسی ایشن آف ٹرانسپلانٹیشن کانفرنس 2024 میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے بیرون ممالک سے آئے ماہرین کو یادگاری شیلڈز اور تحائف پیش کئے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کانفرنس کے شرکاءسے اپنے خطاب میںکہاکہ اللہ تعالیٰ کے کرم سے پاکستان میں کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹیشن کا آغاز مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں ہوا۔ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ کا سہرا میاں شہباز شریف کو جاتا ہے۔ پاکستان میں ڈینگی ڈیزی برڈن میں واضح کمی لانے کا کریڈٹ بھی میاں شہباز شریف کی حکومت کو جاتا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پی کے ایل آئی سے پہلے مریضوں کو پاکستان سے بیرون ممالک جا کر ٹرانسپلانٹ کروانا پڑتا تھا۔ پاکستان میں عوام بہت تیزی سے گردوں اور جگر کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہی ہے۔ ہمیں ایک صحتمند زندگی گزارنے کیلئے صحتمند طرز زندگی اپنانا ہوگا۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ 18 ویں ترمیم کے بعد تمام صوبے خود مختار ہو چکے ہیں۔پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کی استعدادکار بڑھانا وقت کی اشد ضرورت ہے۔ پنجاب کی طبی درسگاہوں میں ریسرچ کو پروان چڑھائیں گے۔ دریں اثناءصوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق سے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں برطانیہ کی معروف جامعات کے وفد نے ملاقات کی۔برٹش وفد کی سربراہی سر سٹیو سمتھ کررہے تھے۔ بعدازاں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور برٹش وفد نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران اور طلباءو طالبات سے ملاقات بھی کی۔برٹش وفد میں پروفیسر وینڈی الیگزینڈر، پیٹر کلاک، یاسمین پیٹر، میڈالائن انسیل، چرس بابئیر، ربیکا لینڈسی، سارہ پرویز، وردہ ڈار، حسن نثار و دیگر شامل تھے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور برٹش وفد کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔اس موقع پر برطانوی وفد اور کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے طلباءو طالبات کے درمیان سوال جواب کا سیشن بھی ہوا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے فیکلٹی ممبران اور طلباءو طالبات سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان بہترین تعلقات قائم ہیں۔برطانیہ میں نظام تعلیم کا معیار بہت بلند ہے۔ برطانوی وفد کے دورے کا بنیادی مقصد طبی تعلیم کو فروع دینا اور باہمی تعاون ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نظام صحت کی بہتری کو اپنی اولین ترجیح میں شامل کئے ہوئی ہیں۔
طبی درسگاہوں میں ریسرچ کو پروان چڑھائیں گے: سلمان رفیق ،معروف برطانوی جامعات کے وفد سے ملاقات


















