اداکارہ ایمن خان کی ہم شکل سوشل میڈیا صارفین کی تنقید سے تنگ آگئیں

کراچی (مشرق نیوز) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ایمن خان کی ہم شکل سوشل میڈیا صارفین کی تنقید سے تنگ آگئیں۔حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک لڑکی کی ڈانس ویڈیو وائرل ہوئی تھی جسے دیکھ کر صارفین نے انہیں اداکارہ ایمن خان کی ہمشکل قرار دے دیا تھا جبکہ کچھ صارفین نے لڑکی کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا تھا کہ یہ کورنگی کی ایمن خان ہیں۔مذکورہ لڑکی کا نام سامنے آگیا ہے، لڑکی کا نام مونا لیزا ہے اور انہوں نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر بھی مونا لیزا کے نام سے ہی اپنا آفیشل اکاونٹ بنایا ہوا ہے۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد مونا لیزا کے انسٹاگرام فالوورز میں اضافہ ہوا ہے، انکے موجودہ فالوورز کی تعداد 2300 سے زائد ہے۔مونا لیزا وائرل ہونے کے بعد خوش تو ہیں لیکن صارفین کی تنقید نے انہیں غصہ بھی دلا دیا ہے، اس حوالے سے انہوں نے اپنے انسٹاگرام کی سٹوری میں ناقدین کے نام ایک پیغام جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی نہیں کہا کہ میں اداکارہ ایمن خان جیسی لگتی ہوں، عوام نے خود ہی مجھے ایمن خان کی ہمشکل کہا اور اب عوام خود ہی پاگل ہوکر میری ویڈیوز اور تصاویر پر منفی تبصرے کررہے ہیں۔مونا لیزا نے کہا کہ میرے سوشل میڈیا اکاونٹس، میری تصاویر اور ویڈیوز سے دور رہو، میرے اکاونٹ کو گندا نہیں کرو۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں نے منفی تبصرے کرکے ان باکس میں میرا جینا حرام کردیا ہے۔مونا لیزا نے اب اپنی انسٹاگرام پوسٹس کا کمنٹ سیکشن بھی بند کردیا ہے تاکہ کوئی بھی انکی پوسٹس پر منفی تبصرے نہ کرسکے۔