حافظ آباد:(قمر عباس) سول جج حافظ آباد نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے سیکریٹری رائے وقار سمیت دوگرفتار وکلاءکو جوڈیشل کرکے جیل بھجوادیا جس کے خلاف ڈسٹرکٹ بار کے وکلاءنے مکمل ہڑتال کرتے ہوئے سرگودھا روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائروں کو آگ لگا کر ٹریفک کوبلاک کردیا۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر عمر خضر ہنجرا ایڈوکیٹ نے دیگر وکلا رہنماو¿ں کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رائے وقارکھرل اور رانامالک کو ڈپٹی کمشنر اور چیف آفیسر ضلع کونسل نے صلح نامہ ہونے کے باوجود دھوکہ دہی سے گرفتارکرایا ،پولیس نے وکلا کوگرفتار کرانے میں پوری سہولت کاری کی اور اسکے ساتھ ساتھ سیشن جج حافظ آباد اور سیشن جج اٹک کا رویہ بھی قابل مذمت ہے۔عدلیہ کا ہر پیشی پر پولیس کو سول کپڑوں میں بلاوجہ بلاناقانون کی حکمرانی کی بالادستی سے وکلاءکو روکنے کی کوشش ہے جسے وکلاءکسی صورت قبول نہیں کریں گے۔
وکلا رہنماوں نے کہاایک عام ملزم اپنی عبوری ضمانت کے لئے سپریم کورٹ تک جاسکتا ہے تو کوئی وکیل کیوں نہیں جاسکتا۔پولیس نے آج تک وکلاءکے خلاف درج کردہ جھوٹے مقدمہ کی کوئی بھی تفتیش نہیں کی ہے اور تمام تفتیش خودساختہ اور یک طرفہ ہے،اپنے حقوق کے لئے پرامن احتجاج کرتے ہوئے آخری حد تک جائیں گے اور قانون اورآئین کی بالادستی کے لئے راستے میں جو بھی رکاٹ آئے گی اسے ہٹاڈالیں گے۔
حافظ آباد: سول جج کے گرفتار وکلاءکو جیل بھیجنے کیخلاف مکمل ہڑتال، شدید احتجاج
















