کراچی: (بیورورپورٹ)سپریم کورٹ نے گورنر ،وزیر اعلیٰ ہاﺅس، رینجرز ہیڈ کوارٹر سمیت تمام عمارتوں کے باہر سے رکاوٹیں و تجاوزات ہٹانے کا حکم دےدیا۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کراچی میں نیول، رینجرز ہیڈ کوارٹرز، گورنر، سی ایم ہاوس، سب کا فٹ پاتھوں پر بھی قبضہ ہے۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر)منصوبے کے متاثرین کی درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے سندھ حکومت کو متاثرین کا معاملہ دیکھنے کی ہدایت کردی،چیف جسٹس نے ایڈوکیٹ جنرل سے کہا سرکار جہاں انکروچمنٹ کرتی ہے وہاں زیادہ سزا ہونی چاہیے، آپ دیکھتے نہیں کہاں سے آتے ہیں آپ؟ نیول ہیڈ کوارٹرز، گورنر ہاوس، چیف منسٹر ہاوس، رینجرز ہیڈکوارٹرز سب نے فٹ پاتھوں پر بھی قبضہ کیا ہوا ہے،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جواب دیا سکیورٹی کے ایشوز ہیں ، بم حملے ہوئے ہیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے پبلک پر حملے ہوتے رہیں اور آپ محفوظ رہیں؟ یہ کہاں کا قانون ہے؟ تو چلے جائیں کہیں اور خالی کردیں یہ جگہ، کہیں محفوظ جگہ چلے جائیں، بتائیں رینجرز ہیڈکوارٹر کہاں ہے اور فٹ پاتھ کہاں ہے؟ جگہ جگہ سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں میئر بھی آئے ہوئے تھے کہاں ہیں؟ بجلی کے کھمبے گراتے ہیں وہ پوری سڑک کھول کر چلے جاتے ہیں، سکیورٹی کے نام پر بند مت کریں سڑکوں کو، اگر زیادہ ڈر لگتا ہے تو کہیں ریموٹ ایریا میں جاکر بیٹھ جائیں، دنیا میں کہیں ہوتا ہے ایسا؟ جائیں امریکہ اور دیکھ کر آئیں،سپریم کورٹ نے رینجرز ہیڈ کوارٹرز، گورنر ہاﺅس، سی ایم ہاﺅ س سمیت سرکاری اور نجی عمارتوں کے باہر سے 3 دن میں رکاوٹیں اور تجاوزات ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
سپریم کورٹ نے تمام متعلقہ اور سکیورٹی اداروں کو عدالتی حکم کی کاپی بھیجنے کی ہدایت کی اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو وفاقی اداروں کو آگاہ کرنے کا حکم دیا،عدالت نے ہدایت کی کسی کو عوام کی آزادانہ نقل و حرکت میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں، راستے بند کرنا اور رکاوٹیں ڈالنا غیر قانونی ہے، وفاقی اور صوبائی حکومت خود تجاوزات کھڑی کررہی ہیں، کے ایم سی کی جو سڑکیں ہیں کلیئر کردیں، رینجرز کو ہدایت کردی جائے۔
عدالت نے کراچی میں سوکھے درختوں کی جگہ نئے درخت لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا جو لوگ پیدل چلتے ہیں ان سے پوچھیں کس تکلیف میں ہیں،سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے نسلہ ٹاور کی زمین فروخت کرکے الاٹیز کو معاوضہ ادا کرنے کا حکم دےدیا۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں نسلہ ٹاور کے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کیس پر سماعت چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں بنچ نے کی، سپریم کورٹ نے نسلہ ٹاور کی زمین فروخت کرکے الاٹیز کو معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیتے ہوئے سندھی مسلم سوسائٹی سے نسلہ ٹاور کے مرحوم بلڈر کے ورثا کی تفصیلات بھی طلب کرلی۔
عدالت نے نسلہ ٹاور کی زمین کی فروخت کا اشتہار شائع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سندھی مسلم کو آپریٹو سوسائٹی کو نوٹس جاری کردئیے،علاوہ ازیں عدالت میں غیرقانونی عمارت تجوری ہائٹس کے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کے کیس کی سماعت ہوئی، چیف جسٹس نے سوال کیا کس کا ہے تجوری ہائٹس؟جس پر تجوری ہائٹس کے وکیل عابد زبیری نے بتایا گورنر سندھ کی اہلیہ کے نام پر تھا پلاٹ،چیف جسٹس نے سوال کیا نوٹس گورنر ہاﺅس بھیجیں کہاں بھیجیں؟ مالک کو ہی متاثرین کا پیسہ دینا ہے، کم از کم اخلاقی تقاضہ تو ہے کہ آپ متاثرین کو پیسے دیں۔
چیف جسٹس نے کہا 3سال ہوگئے ہیں یہ آج کا آرڈر تو نہیں ہے، کیا کریں توہین عدالت کا نوٹس بھیجیں؟ آپ چاہتے ہیں توہین عدالت کا نوٹس بھیجیں؟عابد زبیری نے کہا میں اس درخواست میں وکیل نہیں تھا مجھے ٹائم دیا جائے جس پر چیف جسٹس نے کہا نکالیں عابد زبیری صاحب کا وکالت نامہ، سارا ریکارڈر موجود ہے ہمارے پاس ادھر سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے گجر، اورنگی ٹاون اور محمود آباد نالے کے متاثرین کو ایک ماہ میں الاٹمنٹ دینے کا حکم دےدیا،عدالت نے کمشنر کراچی کو متاثرین کی شکایات کا جائزہ لینے کا حکم دیتے ہوئے کہا اگر کوئی متاثر رہ گیا ہے تو اس کی شکایت سنی جائے، کسی کا حق بنتا ہے تو اسے معاوضہ دیا جائے، اگر کوئی الاٹمنٹ نہیں لے رہا اسے الگ کریں ۔
علاوہ ازیں چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دئیے ہیں سرکاری ادارے ملازمین کو پال رہے ہیں، ان کو بٹھا کر تنخواہیں دی جارہی ہیں،حیدرآباد ڈیویلپمنٹ اتھارٹی سے کنٹریکٹ ملازمین کو برطرف کرنے کے کیس کی سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکیل کی جانب سے اطمینان بخش جواب نہ ملنے پر سپریم کورٹ نے برہمی کا ظہار کیا،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہم دیکھیں گے کہ سرکاری محکمے کر کیا رہے ہیں ، سرکاری ادارے کیا کررہے ہیں؟ صرف لوگوں کو سرکاری نوکریوں میں بھرا جارہا ہے، صرف ملازمین کو بٹھا کر تنخواہیں دی جارہی ہیں، حکومت کے پاس کچھ کرنے کو چار آنے نہیں ہیں،بس کہا جاتا ہے خدمت کررہے ہیں ، ایک ایک اسامی پر تین تین گنا ملازمین کو بھرتی کررہے ہیں، سرکاری نوکریاں ان کو پکڑنی ہوتی ہیں جو قابل ہی نہیں ہوتے، غیر قانونی بھرتیوں کا بوجھ سندھ کے عوام پر کیوں ڈالیں ؟۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہمیں حکومت تو نہیں چلانی ، حکومت وہ خود چلائیں، کیا قانون کی دھجیاں اڑائی ہیںاختیارات کے نام پر، صدر اور گورنر کے پاس کیا اختیار ہے ؟ کیا ان کے پاس اپنے پیسے تھے ؟ہم آئین کی دھجیاں اڑانے کی اجازت نہیں دیں گے، صدر کے پاس کیسے اختیار آیا کہ جسے چاہیں پیسے بانٹتے رہیں، سڑکیں، پانی، بجلی کیا مل رہا ہے؟ کیا سارا پیسہ تنخواہوں میں دیتے رہیں گے؟،سپریم کورٹ نے برطرفی کیخلاف حیدرآباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ملازمین کی درخواست مسترد کردی۔
بعدازاں سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب میں چیف جسٹس نے کہا عدالتی معاملات میں کسی کی مداخلت قابل قبول نہیں ہے،وہ جب سے چیف جسٹس بنے ہیں ہائیکورٹس کے کسی جج کی جانب سے مداخلت کی شکایت نہیں ملی ہے اور اگر کوئی مداخلت ہوئی بھی ہے تو انہیں رپورٹ نہیں کی گئی ہے، سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کا شکر گزار ہوں، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کا بھی شکر گزار ہوں، یہ میرا اس بار روم کا پہلا وزٹ ہے، میں جب اپنے والد صاحب کے ساتھ آتا تھا یہ بار روم نہیں ہوتا تھا، گرمیوں کی 3 ماہ کی چھٹیوں میں کراچی آتے تھے۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا سندھ ہائیکورٹ سے میری یادیں وابستہ ہیں جو کہ تاریخی عمارت ہے، سپریم کورٹ کی نئی عمارت کی تعمیر پر 7سے 8 ارب روپے کی لاگت آرہی تھی، اس جگہ پر اب 36وفاقی کورٹس اور ٹربیونلز بنیں گے، امید ہے پہلی فیڈرل کورٹس بلڈنگ ہوگی، چیف جسٹس نے کہا کل بلڈنگ کمیٹی کی میٹنگ تھی، جو کامیاب رہی ہے، جہاں ابھی سپریم کورٹ کی عمارت ہے وہ ایک تاریخی عمارت ہے، لوگ اپنے ثقافتی ورثے سے پہچانے جاتے ہیں، کراچی میں بہت ساری تاریخی عمارتیں ہیں، اگر کسی نے پرانی بلڈنگز دیکھنی ہے تو پارسی کالونی دیکھے، میری تجویز ہے یہ عمارتیں بلڈرز کو نہ دی جائیں۔
مداخلت قبول نہیں: چیف جسٹس ،رینجرز ہیڈ کوارٹرز سمیت تمام عمارتوں کے باہر سے رکاوٹیں ہٹانے کا حکم


















