لاہور (مشرق نیوز) ایرانی صدر ابراہیم رئیسی دورہ پاکستان کے دوران اسلام آباد سے لاہور پہنچ گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور ایئرپورٹ پہنچنے پر ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کا استقبال کیا، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری بھی ان کے ہمراہ تھیں۔
اس کے علاوہ صوبائی وزرا مجتبیٰ شجاع الرحمان، بلال یاسین، خواجہ سلمان رفیق، چودھری شافع حسین، چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ایرانی صدر کے دورہ لاہور کی مناسبت سے شہر کی اہم شاہراہوں کو خیرمقدمی بینرز سے سجایا گیا ہے۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی ایئر پورٹ سے مزار اقبال پہنچے جہاں مولانا عبدالخبیر آزاد نے ان کا استقبال کیا، پنجاب رینجرز کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو مزار اقبال پر گارڈ آف آنر پیش کیا۔ معزز مہمان نے شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دی ، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے شاعر مشرق کو خراج عقیدت پیش کیا، بعدازاں انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی لاہور آمد، وزیراعلیٰ مریم نواز نے استقبال کیا، مزار اقبال پر حاضری


















