لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر محکمہ صحت و ایمرجنسی سروسز پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے مقامی ہوٹل میں چھٹی وائس چانسلرز، پرنسپلز اور ایم ایس کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔کانفرنس میں سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان، سپیشل سیکرٹری سید واجد علی شاہ، ایڈیشنل سیکرٹریز،ڈپٹی سیکرٹریز و دیگر حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندلاور دیگر بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان نے کانفرنس کے دوران سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے چھٹی وائس چانسلرز کانفرنس کے شرکاءسے اپنے خطاب میں کہاکہ کانفرنس کے دوران تمام سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔ہر ٹیچنگ ہسپتال کے سربراہ میں لیڈر کی خصوصیات ہونی چاہئیں۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلیمان رفیق نے کہاکہ امراض قلب اور کینسر کے مریضوں کیلئے سرگودھا میں نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور لاہور میں نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر کیئر بنائے جا رہے ہیں۔ صحت کے شعبہ کی بہتری وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہے۔ یہاں بیٹھے تمام وائس چانسلرز، پرنسپلز اور ایم ایس حضرات ہماری ٹیم کا حصہ ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں کو آٹومیشن پر لے جانا چاہتے ہیں۔ یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام میں خرابیوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کر رہے ہیں۔ وزیرصحت پنجاب نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں میں کرپشن پر زیرو ٹالرنس ہوگا۔ وائس چانسلرز، پرنسپلز اور ایم ایس حضرات ہسپتالوں میں کرپشن کی نشاندہی کریں۔ سرکاری ہسپتالوں میں ری ویمپنگ منصوبے کو فاسٹ ٹریک پر مکمل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں میں ری ویمپنگ منصوبے میں کوتاہی پر کمپنیوں کو بلیک لسٹ کریں گے۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں میں پرائیویٹ پریکٹس کو شروع کرنے جا رہے ہیں۔ ہر طبی درسگاہ میں ٹیلی میڈیسن کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی اوّلین ترجیحات میں شامل ہیں۔ پنجاب کی عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان نے کہاکہ پنجاب کے کسی سرکاری ہسپتال میں ادویات کی کمی نہیں ہونی چاہئے۔ ہسپتالوں کے سربراہ مریضوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ پنجاب کے نرسنگ کالجز کے حالات بہتر کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ علی جان خان نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں سروس ڈیلیوری میں کوتاہی برداشت نہیں کریں گے۔سرکاری ہسپتالوں میں ایچ آر کی کمی کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جا رہا ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں بائیو میڈیکل اور نان بائیو میڈیکل سامان کی دستیابی کو یقینی بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔
یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام میں خرابیوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کر رہے ہیں:سلمان رفیق



















