حکمرانوں کو غریب عوام کی مشکلات کا ذرہ برابر اندازہ نہیں ،اسامہ حمزہ

ٹوبہ ٹیک سنگھ :(میاں افتخار احمد) ائیر کنڈیشنڈ کمروں اور گاڑیوں میں بیٹھ کر پالیسیاں بنانے والے حکمرانوں کو غریب عوام کی مشکلات کا ذرہ برابر بھی اندازہ نہیں ،ٹوبہ ٹیک سنگھ جیسے چھوٹے اضلاع اور تحصیلوں میں صفائی ستھرائی کا کام پرائیویٹ کمپنیوں کو ٹھیکہ پر دینے سے مسائل حل ہونے کی بجائے مزید بڑھ جائیں گے ،ٹوبہ ٹیک سنگھ ،گوجرہ اور دیگر چھوٹے شہروں میں صفائی ستھرائی ،سیوریج کے کام کو ویسٹ مینجمنٹ کی نجی کمپنیوں کو ٹھیکہ پر دیکر حکمران اپنا کمیشن بنارہے ہیں ،ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے رہنما رکن قومی اسمبلی اسامہ حمزہ نے ڈسٹرکٹ پریس کلب (رجسٹرڈ) ٹوبہ ٹیک سنگھ میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

ایم این اے گوجرہ اسامہ حمزہ نے مزید کہا کہ اقتدار پر زبردستی قابض حکمرانوں کی کرپشن کے سرطان نے ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کرکے رکھ دیا ہے ،مختلف ادوار میں چور راستوں سے اقتدار کے ایوانوں تک پہنچنے والے بد دیانت حکمرانوں نے انتہائی بے دردی کے ساتھ دونوں ہاتھوں سے ملکی وسائل کو لوٹا ،اور ملک وقوم کو معاشی بحرانوں سے دوچار کیا ،ایم این اے اسامہ حمزہ نے مزید کہا کہ پاکستانی غریب عوام پہلے ہی مہنگائی اور بے روزگاری کی چکی میں پس رہے ہیں ،ایسے مشکل ترین حالات میں شہروں میں صفائی ستھرائی کا کام میونسپل کمیٹیز سے واپس لیکر نجی پرائیویٹ کمپنیوں کو ٹھیکے پر دینا انتہائی زیادتی ہے،حکومت اپنے اس فیصلے کو فوری واپس لے ۔