لاہور (سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے رہنماﺅں رانا فاروق سعید اور شہزاد سعید چیمہ نے کہا ہے کہ گندم کی بوائی کے دوران باہر سے گندم درآمد کرنے کا فیصلہ غلط تھا، صدر مملکت اور وزیر اعظم کسانوں سے ہونے والی 60ارب کی ڈکیتی کی انکوائری کرائیں، پنجاب کا کسان آج بہت پریشان،ہر گاﺅں میں اتنا برا حال کبھی نہیں ہوا، کسانوں نے ساری فصلیں چھوڑ کر گندم کی بمپر کراپ پیدا کر کے زرمبادلہ بچایا، مگر اسے اب صحیح معاوضہ نہیں مل رہا۔ وہ پیپلز پارٹی سینٹرل سیکرٹریٹ میں ڈاکٹر خیام حفیظ، شاہدہ جبیں، افنان صادق لون، خاور ناہید موہل، میاں عتیق، نعمان یوسف کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی پی وسطی پنجاب کے سینئر نائب صدر رانا فاروق سعید نے کہا کہ زمیندار ووٹ مسلم لیگ (ن) کو دیتا ہے مگر پیسہ پیپلز پارٹی دور میں کماتا ہے۔ پیپلز پارٹی ہمیشہ بحرانوں میں آتی ہے اور عوام کی خدمت کرتی ہے، بدقسمتی سے نگراں حکومت نے وہ کام کئے جو انکے دائرہ اختیار میں نہیں تھا ۔ 2008ءمیں پیپلز پارٹی کی حکومت نے کسانوں کو 900 روپے کی امدادی قیمت دی، پیپلز پارٹی 2013ءمیں چار برس کا گندم سٹاک چھوڑ کر گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ تینوں صوبوں میں گندم خرید جا رہی ہے صرف پنجاب کے کسان سے زیادتی ہورہی ہے۔ بمپر کراپ ہوئی ہے تو ایک ایک دانہ خرید کر گندم ایکسپورٹ کریں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب اس ظلم کو روکیں اور کسان کو بچائیں ورنہ وہ برباد ہوا تو آئندہ وہ گندم نہیں بوئے گا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وزراءاور ارکان اسمبلی اپنے ذاتی گودام سستی گندم سے بھر رہے ہیں، صدر، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں، صدر زرداری خود زمیندار ہیں۔ وہ پاسکو اور حکومت کے ذریعے ساری گندم خریدیں۔ رانا فاروق سعید نے مذید کیا کہ کپاس کاشت ہونے کے باوجود حکومت نے سپورٹ پرائس مقرر نہیں کی۔کم از کم 11000 فی گانٹھ ریٹ مقرر کیا جائے۔ انکا کہنا تھا کہ ٹی سی پی ملک میں پیدا ہونیوالی تمام کپاس خریدے اور امپورٹڈ کپاس پر پابندی ہونا چاہئے۔ حکومت کو سات دن دیتے ہیں ورنہ کسان تنظیموں سے ملکر لائحہ عمل طے کرینگے، حکومت کا حصہ ہیں۔یقین ہے کہ صدر مملکت ضرور نوٹس لیں گے۔ بمپر کراپ کے بعد حکمرانوں کے زہن مفلوج ہو چکے ہیں، پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ نے کہا کہ کاشتکار پر فی ایکڑ ٹیکس سے غذائی اجناس کا پہیہ جام ہوجائیگا۔ کسان کو سہولت نہیں دے سکتے نہ دیں مگر زندہ درگور تو مت کریں، مکئی کی فصل کاشتکار کی کمر توڑ گئی۔ ملز، ٹریڈرز اور انویسٹرز کی مناپلی مار گئی، وزیراعلیٰ پنجاب اپنی کابینہ کیساتھ بیٹھ کر اگلے 24 سے 36 گھنٹوں میں ایکسپورٹ پالیسی کا تعین کریں، گرین ٹیوب ویل اور بجلی پرسبسڈی دیں۔ وفاق خرید رہا ہے، پنجاب کے پاس امپورٹڈ گندم کے گودام بھرے ہیں تو کسان کا کیا قصور؟ انہوں نے کہا کہ چینی کا مسئلہ اہم نہیں ۔گندم خریداری موت و حیات کا مسئلہ ہے۔ بجلی پر سبسڈی کیوں نہیں دیتے، فوڈ سیکورٹی والے کسان پر رحم کریں، کسان بچائیں گے تو عوام کی سستی روٹی بچے گی۔ انکا کہنا تھا کہ مارکیٹ میں حکومت پنجاب نے اس وقت تک ایک دانہ گندم نہیں خریدا۔ شہزاد سعید چیمہ نے مزید کہا کہ انویسٹر 2900 روپے من گندم خرید رہا ہے جبکہ 3900 میں بھی کسان برداشت نہیں کرتا۔حکو مت امپورٹڈ گندم کی پالیسی بنا کر اسے ایکسپورٹ کرنا شروع کردے۔ 15 اپریل کو ڈیزل اور مہنگا ہوا ہے جبکہ گندم کی کٹائی، کپاس کی بوائی ہورہی تھی۔
صدر، وزیراعظم کسانوں کے ساتھ 60 ارب ڈکیتی کی انکوائری کرائیں: پیپلز پارٹی
















