بابر اعظم کو ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنے کا مشورہ

لاہور (مشرق نیوز) مصباح الحق نے بابر اعظم کو ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنے کا مشورہ دیدیا۔ پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ کو خصوصی انٹرویو میں مصباح الحق نے کہا کہ کپتانی وقت کے ساتھ آتی ہے،جہاں بہت سے اچھے فیصلے ہوتے وہیں کئی غلطیاں بھی ہوجاتی ہیں، بابر اعظم کیلئے بہتر ہوگا کہ وہ اپنی غلطیوں سے سبق سیکھیں، سٹار بیٹر آگے بڑھ کر رول ماڈل بنیں، اپنی فٹنس اور پرفارمنس سے قیادت کا حق ادا کریں، ان کے فیصلوں سے پاکستانی ٹیم کو آگے بڑھنا ہے، کھلاڑیوں میں صلاحیت ہے، کپتان کو سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ محمد عامر اور عماد وسیم کی واپسی ہوئی،کئی چیزیں بدلی ہیں تو اب آگے بڑھنا ہوگا، میری خواہش ہے کہ پاکستان ٹی20ورلڈکپ تک ایک اچھا کمبی نیشن بناکر میدان میں اترے۔ بابر اعظم کوخود پرفارم کرنے کے ساتھ کھلاڑیوں سے اچھی پرفارمنس بھی لینا ہوگی۔