چشتیاں : برائلر چکن فروخت کرنیوالے دکانداروں کی شٹر ڈاﺅن ہڑتال

چشتیاں:( وحید عالم)پنجاب پولٹری ٹریڈرز ایسوسی ایشن کی اپیل پر چشتیاں اور نواحی علاقوں میں پولٹری ایسوسی ایشن چشتیاں اور برائلر چکن فروخت کرنے والے دکانداروں نے احتجاجی شٹر ڈاﺅن ہڑتال کی اور اپنا کاروبار بند رکھا جبکہ برائلر چکن خریدنے والے گاہکوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

پولٹری ایسوسی ایشن چشتیاں کے صدر محمد احمد رحمانی نے میڈیا کو بتایا کہ حکومت اور پولٹری ٹریڈرز ایسوسی ایشن پنجاب کے درمیان رمضان المبارک میں معاہدہ ہواتھا کہ 26رمضان تک سبسڈی کے ساتھ چکن فروخت کیا جائے گا لیکن اگلے دن حکومت نے معاہدہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پولٹری چکن کے انتہائی کم ریٹس نکال دیئے اور کہا کہ 510روپے میں خریداگیا چکن گوشت 50 روپئے کم پر فروخت کریں چنانچہ برائلر چکن کے دکانداروں نے اس فیصلہ کے خلاف ہڑتال کردی ہے جو مطالبات کے تسلیم ہونے تک جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت چکن گوشت کے ریٹس کم کرنے میں مخلص ہے تو چوزے کی سمگلنگ بند کرائی جائے ،چوزے اور فیڈ کے ریٹس کم کئے جائیں اور ڈیزل کے ریٹس کم کئے جائیں۔انہوں نے حکومت سے اپنے مطالبہ میں کہا کہ حکومت اپنے فیصلہ پر نظرثانی کرتے ہوئے پولٹری ٹریڈرز ایسوسی ایشن پنجاب کے جائز مطالبات کو تسلیم کرے۔