لاہور :( اپنے رپورٹر سے ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں ہر تنور کے باہر قیمت میں کمی کا بینر نمایاں کرکے لگانے کی ہدایات جاری کردیں،مریم نواز کی جانب سے روٹی ، نان کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے بینر کے ڈیزائن اور تحریر کی منظوری دےدی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی ضلع کا شکایت نمبر بھی بینر پر متعلقہ ڈپٹی کمشنر کے نام کےساتھ لکھا جائے،تنور کے باہر لگانے کے لیے منظور کیے گئے بینر کے رنگ، صوبائی حکومت کا لوگو، وزیراعلی کی تصویر اور تحریری متن کو تبدیل نہ کرنے کےساتھ مزید ہدایات میں کہا گیا ہے ضلع کی ہر تحصیل میں کم از کم 3نان شاپس کے باہر آویزاں بینر کی تصاویر وزیر اعلیٰ ہاﺅس بھجوائی جائیں اور پنجاب بھر میں بینرز آویزاں کر کے واضح تصویرشیئر کی جائیں۔
دریں اثناوزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں لاہور ڈویلپمنٹ پلان پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا،لاہور کی گلیوں اور روڈز کی تعمیر وترقی،سینی ٹیشن اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،اجلاس میں جیو گرافکل انفارمیشن سسٹم کے ذریعے لاہور ڈویلپمنٹ پلان کی مانیٹرنگ کا فیصلہ کیاگیا، نیسپاک اور ماحولیات کے ماہرین بھی لاہور ڈویلپمنٹ پلان میں معاونت کریں گے۔
مریم نواز نے لاہور ڈویلپمنٹ پلان جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیااور ہدایت کی کہ3 ماہ میں لاہور کی گلیاں بازار کی تعمیر و بحالی، سٹریٹ لائٹس فراہمی و نکاسی آب پراجیکٹ مکمل کئے جائیں، عرصہ دراز سے نظر انداز سڑکوں کی تعمیر ومرمت کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے مراکز صحت کی اپ گریڈیشن ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا روڈز اور ہسپتالوں کی تعمیر و بحالی پراجیکٹس میں شفافیت کو مدنظر رکھا جائے،روڈز کی تعمیر و بحالی کے پراجیکٹس کا خود جا کر جائزہ لوں گی، مریم نواز نے روڈز کے اطراف شجر کاری کا حکم دیا اور گوجرانولہ لاہور ایکسپریس وے کے اطراف میں ایک لاکھ درخت لگانے کی ہدایت کی، وزیر اعلیٰ نے ایس ایل تھری کی جلد از جلد تکمیل کا حکم بھی دیا، مریم نواز کی زیر صدارت بنیادی صحت یونٹس، دیہی صحت مراکز اور سڑکوں کی بحالی کے پروگرام پر پیشرفت کے جائزہ اجلاس میں ایس ایل فور کی جلد از جلد تعمیر کےلئے وفاقی حکومت سے رابطے تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا، روڈز سے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا ”سڑک بحال پنجاب خوشحال“ کے تحت 4 رابطہ روڈز کی تعمیر و مرمت مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ 5 اہم رابطہ سڑکوں کی تعمیر و بحالی شروع ہوچکی ہے،بہاولپور تا جھانگڑہ شرقی پنجاب کی خوبصورت ترین ایکسپریس وے بنے گی
مزید برآں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مختلف اضلاع کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی جس میں عوامی مسائل، ضروریات اور ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا، ارکان اسمبلی نے مختصر وقت میں متعدد عوام دوست پراجیکٹس شروع کرنے پر وزیر اعلیٰ کو خراج تحسین پیش کیا ، مریم نواز شریف نے ارکان صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ارکان اسمبلی اپنے حلقے میں سرکاری نرخ پر روٹی اور نان کی فروخت کی مانیٹرنگ کریں، صوبہ بھر کے دیہی اور بنیادی مراکز صحت کو6 ماہ کے اندر ری ویمپ کیا جائے گا،100 فیصد فری ادویات اورہوم ڈلیوری جلد شروع کردی جائے گی، صوبے میں 600 سڑکوں کی تعمیر ومرمت ہوگی، 5 ایکسپریس وے اور 3موٹر ویز بنائیں گے۔
مریم نواز نے ہر تنور کے باہر قیمت میں کمی کا بینر آویزاں کرنے کا حکم دےدیا



















