ترقی یافتہ ممالک اضافی مالی تعاون کاوعدہ پورا کریں:وزیر خزانہ

واشنگٹن :(خواجہ فاروق)وفاقی وزیرخزانہ اورنگزیب نے کہاہے ترقی یافتہ ممالک کوموسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے پاکستان سمیت ترقی پذیرممالک کو اضافی مالی تعاون، ٹیکنالوجی کی منتقلی، اوراستعدادکارمیں بہتری کے اپنے وعدوں پرعملدرآمدکرنا چاہیے، حکومت نجی شعبے کی سرمایہ کاری ،پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کی صلاحیت واستعداد سے فائدہ اٹھانے کیلئے مالیات کے جدیدماڈلز کی حوصلہ افزائی کررہی ہے، عالمی ،ایشیائی ترقیاتی بینک ملک کی سماجی واقتصادی ترقی میں اہم کرداراداکررہے ہیں،ان خیالات کااظہار انہوں نے آئی ایم ایف ،عالمی بینک کے سالانہ اجلاس کے موقع پروی 20 وزارتی ڈائیلاگ سے خطاب، عالمی بینک وایشیائی ترقیاتی بینک کے صدور ودیگراہم شخصیات کےساتھ ملاقاتوں میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وزیرخزانہ نے کہاپاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک میں شامل ہے، 2022 کے سیلاب سے 33 ملین افراد متاثر،ملک کے مجموعی قومی پیداوارکو تقریباً15.2 ارب ڈالرکانقصان پہنچا،ترقی یافتہ ممالک کوموسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے پاکستان سمیت ترقی پذیرممالک کو اضافی مالی تعاون، ٹیکنالوجی کی منتقلی اوراستعدادکارمیں بہتری کے اپنے وعدوں پرعمل درآمدکرنا چاہیے۔

دریں اثنااہم شخصیات کےساتھ ملاقاتوںمیںشراکت داری مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا، عالمی بینک کے صدر نے معاشی استحکام ومحصولات میں اضافے کیلئے ڈیجیٹلائزیشن پروگرام میں اپنی مکمل حمایت کایقین دلایا،وزیرخزانہ نے عالمی بینک کے صدرکودورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔

دوسری جانب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیوملر نے پریس بریفنگ میں کہا پاکستان ،آئی ایم ایف کے مابین سٹاف لیول معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہیں، نئے قرض پروگرام کےلئے پاکستانی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں، ترجمان نے کہا ملکی معیشت کی کامیابی کےلئے حکومت پاکستان کےساتھ حمایت غیر متزلزل ہے، کاروباری ،سرمایہ کاری پر مبنی تعلقات جاری رہیں گے۔