اسلا م آباد: (بیورورپورٹ)عدالت نے عدم پیروی پر سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ کی بنی گالہ سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست خارج کردی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بشریٰ کی سب جیل بنی گالہ سے اڈیالہ جیل منتقلی درخواست پر سماعت کی،بشریٰ کی جانب سے کوئی بھی وکیل عدالت میں پیش نہ ہوا۔
وکلا کی عدم پیشی پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیابشریٰ کے وکلا عدالت میں پیش کیوں نہیں ہوئے؟ اگر وہ کیس جیت جاتے تو بشریٰ جیل چلی جاتیں، خود بھی نہیں چاہتے بشریٰ جیل چلی جائیں، مذاق بنایا ہوا ہے، میں نے کہا تھا آئندہ تاریخ پر فیصلہ کروں گا پھر بھی پیش نہیں ہوئے،سرکاری وکیل کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا عید پر بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ کی ملاقات کرائی گئی۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دئیے یہ سائیڈ بھی ٹھیک کام نہیں کر رہی اور آپ بھی ٹھیک نہیں کر رہے، دونوں طرف سے عدالت کےساتھ سیاست کھیلی جا رہی ہے، شعیب شاہین آئے تھے وہ بھی چلے گئے پھر واپس نہیں آئے،عدالت نے بشریٰ کی بنی گالا سب جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی درخواست خارج کر دی۔
درخواست خارج ہونے کے کچھ دیر بعد بشریٰ کے وکیل عثمان گل عدالت پہنچے ، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے مکالمہ کرتے ہوئے کہا گل صاحب آپ کی درخواست عدم پیشی پر خارج کر دی اب بحالی کی درخواست دے سکتے ہیں،بعدازاںسابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشری نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں سب جیل بنی گالہ سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست بحالی کیلئے اپیل دائر کردی۔
بشریٰ کی بنی گالہ سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست خارج


















