فیصل آباد: (بیورو رپورٹ) ایف آئی اے نے لیبیا سے واپس آنے والے تین مسافروں کی نشاندہی پر یونان کشتی حادثے میں ملوث انسانی اسمگلر بلال سلمان کو ایئرپورٹ کی پارکنگ سے گرفتار کر لیا۔ ملزم بلال نے یونان براستہ لیبیا بھیجنے کے لئے فی فرد 25 لاکھ روپے لئے۔
یونان کشتی سانحے کے دوران سمندر سے ریسکیو کئے گئے 3مسافر ندیم عباس ، اویس اور ضیغم گزشتہ روز ایمرجنسی پاسپورٹس پر طیارے کے ذریعے لیبیا سے واپس فیصل آباد ایئرپورٹ پہنچے۔ ایف آئی اے عملے نے انہیں غیرقانونی طور پر بیرون ملک جانے کے جرم میں حراست میں لے کر تفتیش کی تو انہوں نے انسانی اسمگلر ایجنٹ بلال سلمان کی نشاندہی کی۔ ملزمان کی نشاندہی پر ایئرپورٹ پارکنگ میں موجود انسانی اسمگلر بلال سلمان کو گرفتار کر لیا گیاجو انہیں لینے وہاں آیا تھا۔
ایک ملزم ندیم نے بتایا کہ ایجنٹ بلال نے یونان براستہ لیبیا بھیجنے کے لئے اس سے 25 لاکھ روپے لئے تھے۔ ملزم بلال کے موبائل فون سے انسانی اسمگلنگ اور حوالہ ہنڈی کے شواہد بھی برآمد ہوئے۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ایجنٹ بلال انٹرنیشنل گینگ کے کارندوں سے رابطے میں تھا۔ چاروں ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل منتقل کر دیا گیا۔
یونان کشتی حادثے میں ملوث انسانی سمگلر ایئر پورٹ سے گرفتار
















