حکومت کا مدت پوری کرنا ناگزیرہے: چودھری شافع

گجرات (فیاض بٹ) صوبائی وزیر صنعت و پیداوار اور سیکرٹری جنرل ق لیگ چودھری شافع نے کہاہے ظہور الٰہی خاندان کی مضبوطی اسی میں ہے انا کی بجائے اکٹھے ہو جائیں،حکومت کا مدت پوری کرنا ملک وقوم کی بہتری کیلئے ضروری ہے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری شافع نے کہا گندم مافیا کو ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا تاکہ کسانوں کا حق نہ مارا جا سکے، گندم کی امپورٹ رکوائیں گے تبھی کسانوں کو صحیح قیمت ملے گی، وفاق کی پالیسی کے مطابق موٹروے کے قریب انڈسٹریل زون بنے گا۔

صوبائی وزیر نے کہا بجلی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے ملکی معیشت پر ب±را اثر پڑا، مہنگی بجلی کا حل انڈسٹری کی سولر پر منتقلی ہے، کوشش ہے کہ پاکستان میں سولر پینل فیکٹریاں لگائی جائیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیوٹا کے حالات درست کرنے کی کوشش کر رہا ہوں، لاہور کے تین ٹیوٹا کالجز کو انٹرنیشنل معیار کے مطابق اپ گریڈ کریں گے، بیرون ملک نوجوانوں کی نوکریوں کیلئے انہیں فنی تعلیم دلوائیں گے، جاپان، سعودی عرب کیساتھ پڑھے لکھے نوجوانوں کی ملازمت کے حصول کیلئے جلد معاملات طے ہونگے۔