لاہور (سپیشل رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی طاہر فاروق کی زیر صدارت لاہور میں جاری و مجوزہ ترقیاتی منصوبوں بارے اجلاس ہوا۔اجلاس میں چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید اور چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین نے بریفنگ دی۔اجلاس میں شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت بارے بھی آگاہ کیا گیا۔راوی برج توسیعی منصوبے پر کام بلاتعطل جاری ہے۔راوی برج پر گرڈرز کی لانچنگ کا عمل جاری ہے،16 گرڈرز لانچ کر دیئے گئے ہیں۔دریائے راوی کے دونوں اطراف پائلنگ کا کام مکمل کر لیا گیا۔دریا کے درمیانی حصہ سے پانی کے بہاو کو شفٹ کرنے کا کام آئندہ چند روز میں شروع کر دیا جائیگا۔دریا کے پانی کے بہاوکو شفٹ کرکے بقیہ 8 پائلیں نکالی جائیں گی۔منصوبے کا مجموعی طور پر 65 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔اجلاس میں کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور منصوبے کی تکمیل میں ابھی تک کی پیشرفت بارے بھی آگاہ کیا گیا۔اجلاس میں شہر کے مجوزہ منصوبے کریم مارکیٹ انڈر پاس اور گڑھی شاہو انڈرپاس و فلائی اوور بارے بریفنگ دی گئی۔ٹیپا کی شہر کی اہم شاہراہوں سے غیر قانونی سائن بورڈ ہٹانے کی خصوصی مہم جاری ہے۔شہر میں مختلف مقامات پر 1090 پاتھ ہولز اور 86 کلومیٹر روڈ پر پیچ ورک مکمل کر لیا گیا ہے۔ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے عید کے بعد غیر قانونی سائن بورڈ ہٹانے اور پارکنگ قوانین پر عملدرآمد کیلئے اقدامات میں تیزی لانے کی ہدایت کی۔اجلاس میں ایل ڈی اے، ٹیپا، نیسپاک اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
ڈی جی ایل ڈی اے کی زیرصدارت اجلاس، راوی برج توسیعی منصوبے پر کام بلاتعطل جاری ہے: بریفنگ
















