اسلام آباد:(بیورورپورٹ) چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایکس بندش کےخلاف کیس میں ریمارکس دئیے آئی بی کی رپورٹ پرآپ نے سروس بند کر دی، دیگرعدالتوں میں بھی کیس ہے، دیکھتے ہیں کون پہلے کھلواتا ہے، کیا کروں حکومت تھکی ہوئی ہے کام نہیں کرسکتی ، ہر ادارے میں بدنیتی ہے،عدالت نے سیکرٹری داخلہ کو عید کے بعد ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
سماعت کے آغاز پر وزارت داخلہ کی رپورٹ پیش ہونے پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے برہمی کا اظہار کیا،جوائنٹ سیکرٹر ی داخلہ نے عدالت میں پیش ہو کر بتایا سکیورٹی ایجنسیز کی رپورٹ پر ایکس بند کیا گیا ۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کوئی لکھت پڑھت بھی تو بتائیں، پڑھ کر بتائیں کچھ یہی کہا تھا کہ تفصیلات لے کر آئیں، کونسا طریقہ اور کیا رویہ ہے، فائل لائے نہ کچھ، آپ بتا دیں میں کیا وجہ لکھواو¿ں،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کیا سیکرٹر ی کو بلا لوں، جوائنٹ سیکرٹر ی صاحب زبانی نہیں ہر چیز لکھ کر دیں کیا سکیورٹی خدشات ہیں اور ڈاکومنٹس دکھائیں، زبانی کلامی بات نہیں ہوگی۔
جوائنٹ سیکرٹر ی داخلہ نے بتایا انٹرنیٹ پر ملکی سلامتی کو خطرہ تھا ،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے میں نے کہا ہے تقریر نہیں کرنی مجھے وجوہات بتائیں، تقریر میں آپ سے زیادہ کر لیتا ہوں اور اس رپورٹ سے تو بہتر میرا سیکرٹر ی رپورٹ بنا دے گا، میں ایسے نہیں سنوں گا،جوائنٹ سیکرٹر ی نے کہا دوسرا صفحہ دیکھ لیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے یہ کیا طریقہ ہے کورٹ میں پیش ہونے کا، آپ پہلی بار پیش ہوئے ہیں کیا،جوائنٹ سیکرٹر ی نے کہا رپورٹ میں ہے ملکی سلامتی کے خلاف مواد اپلوڈ کیا جاتا ہے اور اس لیے بند کیا گیا ، چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کوئی ثبوت بھی ہوں گے ناں آئی بی کی رپورٹ پر آپ نے اٹھا کر ایکس بند کر دیا، اس میں کوئی وجوہات نہیں لکھی ہوئی صرف قیاس پر مبنی رپورٹ ہے،چیف جسٹس نے ہدایت کی سیکرٹری داخلہ کو بلائیں ان کے بس کی بات نہیں، دوسری عدالتوں کے فیصلے ہیں تو وہ جمع کرا دیں، جو باتیں دوسری عدالت میں کیں یہاں نہ کریں، دیکھتے ہیں کون سی عدالت پہلے فیصلہ کرتی ہے، دیکھتے ہیں دیگر عدالتوں میں بھی کیس ہے تو کون پہلے کھلواتا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے جو بھی خطرہ ہے وجوہات اور ثبوت تحریری پیش کریں، آئندہ سماعت پر سیکرٹر ی داخلہ پیش ہوں اور ایکس بندش کی وجوہات سے آگاہ کریں، مفروضوں پر مبنی رپورٹ پیش نہ کی جائے، قومی سلامتی کو بھی خطرہ ہو تو ٹھوس ثبوت وجوہات عدالت کو بتائیں،اسلام آباد ہائی کورٹ نے عید کے بعد سیکرٹری داخلہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے ایکس بندش کے خلاف کیس کی سماعت 17 اپریل تک ملتوی کر دی۔
ایکس بندش کیس: سیکرٹری داخلہ طلب،ہر ادارے میں بدنیتی ہے،جسٹس عامر فاروق


















