مخصوص کنڈیشن کا بولر نہیں، ہر فارمیٹ میں 100 فیصد دینے کی کوشش کرتا ہوں: محمد عباس

لاہور (مشرق نیوز) قومی فاسٹ بولر محمد عباس کا کہنا ہے کہ مجھے جو مخصوص کنڈیشن کا بولر کہتے ہیں وہ میری بولنگ کے اعداد و شمار دیکھیں، میرے اعداد و شمار ثابت کرتے ہیں کہ میں مخصوص کنڈیشن کا بولر نہیں ہوں۔ محمد عباس نے کاو¿نٹی کرکٹ کیلئے انگلینڈ روانگی سے قبل گفتگو میں کہا کہ میری اوسط پاکستان ٹیسٹ کرکٹ میں دوسرے نمبر پر ہے، پاکستان ڈومیسٹک کرکٹ میں اوسط کے لحاظ سے نمبر ون ہوں جبکہ میری ٹیسٹ کرکٹ میں بہترین پرفارمنسز دبئی میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین پرفارمنسز کراچی میں ہیں، اگر میں مخصوض کنڈیشن کا بولر ہوں تو ان کنڈیشن سے تو مجھے مدد نہیں ملنی چاہیے اور ان کنڈیشن میں تو مجھے کرکٹ ہی نہیں کھیلنی چاہیے، جو لوگ مجھے انگلینڈ کی کنڈیشنز کا بولر کہتے ہیں اس کی وجہ وہی لوگ بتا سکتے ہیں، میرے ہاتھ میں جو ہے میں وہی کر سکتا ہوں، اسلئے میرا فوکس ٹریننگ پر ہوتا ہے اور میں تمام کنڈیشنز میں اور ہر فارمیٹ میں 100 فیصد دینے کی کوشش کرتا ہوں۔34سالہ محمد عباس 25 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے میچز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں، انہوں نے آخری ٹیسٹ اگست 2021 میں ویسٹ انڈیز جبکہ آخری ون ڈے انٹرنیشنل مارچ 2019 میں دبئی میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلا تھا۔