خیبرپختونخوا،مختلف اضلاع میں بارش،حادثات میں 7 افراد جاں بحق، 9 زخمی
پشاور (بیورو رپورٹ) خیبرپختونخوا میں موسلادھار بارشوں کے سبب مختلف اضلاع میں حادثات سے7 افراد جاں بحق اور 9 افراد زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق بنوں کے علاقہ معاویہ گاﺅں میں بارش کے باعث دیوار گرگئی جس کے نتیجے میں 3 بچے جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔پولیس نے بتایا کہ جاں بحق اور زخمی بچوں کو مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا، بچوں کی عمریں 6 سے لیکر 9 سال کے درمیان ہیں۔ریسکیو 1122کے مطابق باجوڑ میں گزشتہ رات خڑیان میں مکان کی چھت گر گئی، جس کے نتیجے میں ماں بیٹی جاں بحق، خاوند اور ایک بیٹا شدید زخمی ہو گیا۔ایبٹ آباد میں گزشتہ رات ہونے والی طوفانی ہواﺅں اور بارش سے بجلی کے پول سڑک پر آگرے، شدید بارشوں کے باعث قراقرم ہائی وے اور ہزارہ موٹروے حویلیاں سے قلندرآباد تک بند کردی گئی۔ریسکیو 1122 نے بتایا کہ صوبہ بھر میں مختلف حادثات میں7 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوئے ہیں، کہاگیا کہ چھتیں گرنے کے واقعات پشاور، نوشہرہ، شانگلہ، بنوں اور باجوڑ میں پیش آئے۔ترجمان ریسکیو کا کہنا تھا کہ مختلف اضلاع میں کچی چھتیں و دیواریں گرنے سے جزوی نقصانات بھی ہوئے ہیں۔دریں اثنا، محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹے کے دوران صوبے بھر میں مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے، مزید بتایا کہ چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ہونے والی بارش کے اعداد و شمار بھی جاری کردیے جس کے مطابق سب سے زیادہ بارش دیر میں 64 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔اس کے علاوہ مالم جبہ میں 55، پشاور میں 48 ملی میٹر، تخت بھائی میں 33 ملی میٹر، کالام میں 32 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ چراٹ میں 56، پاراچنار میں 27 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق کالام میں 5 انچ تک برف باری بھی ہوئی۔



















