ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا راجباہ 9ایل کے کناروں کی صفائی کا جائزہ، راجباہ کے کناروں پر پڑے شاپر اور کوڑا فوری اٹھانے کی ہدایت، بھل صفائی کے دوران نہر سے نکالی گئی باقیات بھی فوری اٹھائی جائیں۔ کمشنر کی ہدایت۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ استعمال شدہ اشیاءاور کوڑا کرکٹ نہر اور کھلی جگہ پر پھینکنے کی بجائے رکھے گئے کوڑادانوں میں ڈالیں تاکہ شہر کی آب و ہوا صاف رہے۔ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ایکسین اریگیشن عمرابرار شیخ اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ قبل ازیں کمشنر آفس میں منعقدہ پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں بتایا گیا کہ مڈھالی روڈ پر اسفالٹ ڈالنے کا کام تیزی سے جاری ہے اور3کلو میٹر میں سے ایک کلومیٹر حصے پر پتھر ڈالنے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ اسفالٹ ڈالنے کا تمام کام اپریل کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا۔ سٹی منیجر پسپ اسجد خان نے بتایا کہ کالج روڈ کی توسیع کا کام بھی تیزی سے جاری ہے جسے ٹائم لائن کے مطابق مکمل کر لیا جائے گا۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے پاک پتن چوک سے بائی پاس کی طرف جانے والی سڑک کی سیوریج لائن کی تنصیب جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی جس کی وجہ سے عوام کو سفری مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے علامہ اقبال اور فتح شیر روڈ پر ٹف ٹائل لگانے کے بعد ہائی سٹریٹ کا کام مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔
بھل صفائی کے دوران نہر سے نکالی گئی باقیات بھی فوری اٹھائی جائیں: کمشنر ساہیوال
















