کامونکے:( ندیم گجر )میونسپل کمیٹی کے عملہ صفائی کی جانب سے ایسٹر سے قبل تنخواہیں نہ ملنے پر کام چھوڑ ہڑتال دوسرے روز بھی جاری رہی۔سینٹری ورکروں نے ہاتھوں میں احتجاجی کتبے اٹھاکر شہر کی سڑکوں پر چیف افسر اور ایم او آئی کیخلاف شدید نعری بازی کی۔دوروز سے صفائی کا سلسلہ ر±ک جانے سے ہر طرف گندگی ہی گندگی نظر آنے لگی، مسیحی برادری کے ایسٹر میں ایک روز باقی رہ گیا۔
پنجاب حکومت کے اعلان کے باوجود ایسٹر سے قبل تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے میونسپل کمیٹی کے ایک سو سے زائد خاکروبوں کی طرف سے پچھلے دو روز سے کام چھوڑ ہڑتال کا سلسلہ جاری ہے،گزشتہ روز اسی حوالے سے عملہ صفائی کی طرف سے نکالی گئی احتجاجی ریلی بھوڑی والا چوک سے مین بازار اور جی ٹی روڈ سے ہوتے ہوئے میونسپل کمیٹی کے مرکزی گیٹ پر پہنچ کر دھرنا میں بدل گئی۔
مظاہرین نے شدید نعرہ بازی کرتے ہوئے چیف آفیسر صوفیہ عاشق اور ایم او آئی محمد آصف فرزند کے نارواسلوک کی وجہ سے ان کے تبادلہ تک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔اس موقع پر مظاہرین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید کے موقع پر نئے کپڑوں کیلئے بچے تنگ کررہے ہیں لیکن تنخواہ نہ ملنے سے وہ انتہائی پریشان ہوچکے ہیں جبکہ سی او صوفیہ عاشق تنخواہیں دینے کے نام پر بلیک میل کرکے عملہ صفائی کو ایسٹر کے روز بھی کام پر آنے کا کہہ کر زیادتی کررہی ہے۔ عملہ صفائی کی طرف جاری کام چھوڑ ہڑتال کی وجہ سے شہر کے تمام گلیوں محلوں اور سڑکوں پر گندگی کے بڑے بڑے ڈھیر لگنا شروع ہوگئے۔اس حوالے سے میونسپل کمیٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے میونسپل کمیٹی کے بینک اکاونٹ میں رقم نہ پہنچنے کی وجہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی جارہی۔
کامونکے،بلدیہ عملہ کی کام چھوڑ ہڑتال، گلیاں بازار گندگی سے بھر گئے
















