فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر 2 میں اردن نے پاکستان کو صفر کے مقابلے میں 7 گول سے عبرتناک شکست دےدی

اومان (مشرق نیوز) فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر 2 میں اردن نے پاکستان کو صفر کے مقابلے میں 7 گول سے عبرتناک شکست دیدی۔امان کے انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کھیل کا آغاز تیزی سے ہوا، میزبان اردن کی ٹیم کے کھلاڑیوں نے پاکستانی گول پر حملے کیے جس کے نتیجے میں انہیں پہلی کامیابی پندرہویں منٹ میں موسیٰ التماری کے گول کی بدولت ملی۔اردن کی جانب سے دوسرا گول یازان النعمت نے پینلٹی کک پر 28 ویں منٹ میں کیا، خسارے میں جانے کے بعد پاکستانی ٹیم نے بھی حریف کے گول پر حملے کئے مگر وہ خسارہ کم کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔وقفے پر سکور دو صفر تھا، دوسرے ہاف کے ساتویں منٹ میں اردن کے سعید الروسان نے اپنی ٹیم کیلئے تیسرا گول کیا۔دس منٹ بعد ایک اور موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اردن کی ٹیم چوتھا گول کرنے میں کامیاب رہی، یہ گول موسیٰ التماری نے بنایا جو ان کا دوسرا گول بھی تھا۔پانچواں گول علی الوان نے 75 ویں منٹ میں سکور کیا، موسیٰ التماری نے 79ویں منٹ میں مزید ایک گول اسکور کرکے اردن کی برتری 0-6 کردی اور اس کے ساتھ اپنی ہیٹ ٹرک بھی مکمل کی۔میزبان اردن کی جانب سے ساتواں اور آخری گول ابو محمد نے 83ویں منٹ میں کیا اور یوں پاکستان کو 0-7 سے شکست ہوئی۔ رپورٹس کے مطابق 16سال کے عرصے میں پاکستان کی یہ سب سے بڑے مارجن سے ناکامی ہے۔