بڑے ٹیکس دہندگان کوبلیو پاسپورٹ، آنر کارڈ ، اعزازی سفیر کا درجہ دینگے،وزیراعظم

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے بڑے ٹیکس دہندگان کیلئے خصوصی مراعات کااعلان کرتے ہوئے بلیو پاسپورٹ، آنر کارڈ اوراعزازی سفیر کا درجہ دینے کا اعلان کردیا۔

کلیدی ٹیکس گزار افراد، کمپنیوں و برآمدکنندگان کیلئے ایکسی لینس ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ایماندار و محنتی ٹیکس کولیکٹرز کیلئے بھی ایوارڈ کی تقریب منعقد کی جائے گی، پاکستان کو درپیش معاشی حالات و چیلنجز سے نمٹنے کیلئے نجی و سرکاری شعبے کو ملکر آگے بڑھنا ہے، سرخ فیتے کو برداشت نہیں کیا جائےگا، زراعت، آئی ٹی برآمدات میں بہتری لائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا اب تو کشکول نہ بھی لیکر جائیں تو کہتے ہیں مانگنے آ گئے،تالی بجانے نہیں، اپنے گریبانوں میں جھانکنے کا وقت ہے، کمزور کی آواز کوئی نہیں سنتا ،ایف بی آر کی تنظیم نو کر رہے ہیں ،اگلے مہینے کنسلٹنٹس بھی تعینات کر لئے جائیں گے،کام کیلئے وقت درکار ہے، قرضوں کے پہاڑ کو ختم کرنا ہوگا، ٹیکس سلیب کم ،اختراعی ٹیکس پالیسی لانا ہوگی ،تمام چیزوں پر کام شروع کردیا۔

شہبازشریف نے کہادوسری قومیں آگے چلی گئیں مگر ہمیں قرضے اتارنے ہیں، کب تک قرضوں کی زندگی گزاریں گے؟،فیصلہ سازی کے عمل کو تیز کرنا ہوگا،ضروری ہے دن رات محنت کریں، زراعت کو ترقی دیں، آئی ٹی کو آگے لیکر جائیں، آئی ٹی معیشت کا پہیہ تیزی سے گھما سکتا ہے،آئی ایم ایف سے سٹاف لیول معاہدہ ہوگیا، اگلے مہینے آئی ایم ایف کی قسط آجائیگی ،ایک اور آئی ایم ایف پروگرام میں جانا ہے،نئے پروگرام کے بغیر گزارہ نہیں، پروگرام استحکام کیلئے ہے لیکن جب تک روزگار پیدا نہیں کریں گے تب تک کچھ نہیں ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا 16 ماہ میں پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، یہی وجہ ہے عبوری حکومت میں بھی استحکام رہا، ایس آئی ایف سی ادارہ بن چکا ،واحد مقصد سرخ فیتے کو ختم اور سرمایہ کاری کو بڑھانا ہے،ایئر پورٹس کو آﺅٹ سورس، پی آئی اے کی نجکاری کریں گے،ٹیکس دینے والے افراد پاکستان کے عظیم معمار ہیں، ٹیکس دینے والوں نے ایکسپورٹ کو بڑھایا، ملکی معاشی حالات و چیلنجز کو حل کرنے کیلئے ملکر کام کرنا ہوگا، وفاق نے صوبوں کےساتھ ملکر مسائل کو حل کرنا ہے، آئیں ملکر پاکستان کو ترقی یافتہ بنائیں۔

شہبازشریف نے کہاچین کےساتھ بہترین تعلقات ہیں، سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہوچکے ،مہنگے تیل سے بجلی کی پیداوار کو ختم کرنا ہوگا،2 ہزار 700ارب محصولات کے کیسز زیرالتوا ہیں، کیسز کے جلد نتائج کیلئے ٹریبونلز کے اچھے جج مقرر کیے جائیں،میاں منشا نے سب سے زیادہ 26 ارب ٹیکس دیا، زیادہ ٹیکس دینے والوں کو بلیو پاسپورٹ ،ٹیکس کارڈ جاری کریں گے، اعزازی سفیر کا درجہ حاصل ہوگا، گاڑی کے 2پہیے ہیں، ایک نجی سیکٹر اور دوسرا حکومت ،وفاقی حکومت کو صوبائی حکومتوں کےساتھ مل کرنجی سیکٹرکی مدد کرنی ہے۔

غزہ میں اسرائیلی بربریت کی مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاتباہی میں شہید ہونے والے بچوں کی مثال نہیں ملتی، سلامتی کونسل میں منظور ہونےوالی قرارداد پر عملدرآمد ضروری ہے،عملدرآمد کے بغیر قرارداد بے مقصدہو گی،پاکستان آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت جاری رکھے گا،غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر جاری صہیونی ظلم و جبر کو مستقل طور پر بند ہونا چاہیے،بدترین بربریت پر ہر آنکھ اشکبار ہے،دلخراش واقعات دیکھنے کو نہیں ملے، تقریب میںشہباز شریف نے کلیدی ٹیکس گزاروں ،برآمدکنندگان کو ٹیکس ایکسی لینس ایوارڈ سے نوازا۔