لاہور (خبرنگار) لیسکو چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کا کہنا ہے کہ بجلی کے ترسیلی نظام کی بہتری اور صارفین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے ریجن بھر میں اصلاحات کا سلسلہ جاری ہے۔ اس حوالے سے چیف انجینئر او اینڈ ایم (ٹی اینڈ جی)کے زیر نگرانی جی ایس او کی ٹیمیں سالانہ مرمتی اور ترقیاتی کاموں کے علاوہ بھی سسٹم کو مکمل طور پر مستحکم اور مضبوط رکھنے کیلئے بے شمار کام سر انجام دے رہی ہیں۔ جی ایس او سرکل کی ٹیموں نے رواں سال کے ماہ مارچ میں اب تک لیسکو کے 132Kv سسٹم کے جو مرمتی کام سر انجام دئیے ان میں 1 نیا 11KV فیڈرانرجائزڈ کیا گیا،کرنٹ ٹرانسفارمر کی تبدیلی،57 اے ایم آر میٹر لگائے گئے، 10 جگہوں پر ٹرانسمیشن کٹ اپلائی کی گئی، سیفٹی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، فائر فائٹنگ ریہرسل کروائی گئی، ڈسک انسولیٹر کی صفائی، ٹرانسمیشن لائن کی پٹرولنگ، درختوں کی چھٹائی، 82 جمپرز کی تبدیلی،120ڈسک انسولیٹر کی تبدیلی،کھمبوں کی فاﺅنڈیشن کی فلنگ، کنڈکٹرز کی تبدیلی جیسے کام کئے گئے۔چیف انجینئر او اینڈ ایم (ٹی اینڈ جی) کا کہنا ہے کہ سسٹم کی بہتری کے کا م جاری ہیں جس پر لیسکو انتظامیہ تمام فیلڈ سٹاف کی کارکردگی کو سراہتی ہے۔چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کا کہنا ہے کہ لیسکو سسٹم کو درپیش تمام رکاوٹیں ختم کرنے کے اپنے ٹارگٹ پر بھر پور طریقے سے مصروف عمل ہے اور سسٹم کو مزید مضبوط اور بہتر بنانے کیلئے لیسکو نے بہت سے ٹھوس اقدامات کئے ہیں جس کے باعث صارفین کوبلا تعطل بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ دوسری طرف وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 402ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، جن میں سے208کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں 11 کمرشل،4زرعی،2انڈسٹریل اور385ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو4لاکھ17 ہزار5سو74 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت97لاکھ91 ہزار2سو49 روپے ہے۔ بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اوران کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔شفیق آباد کے علاقے میں کنکشن کو1لاکھ50ہزار روپے،شاہدرہ کے علاقے میں کنکشن کو88ہزار روپے،ٹبی سٹی کے ہی علاقے میں ایک ملزم کو85ہزار اور فیکٹری ایریا کے علاقے میں ایک ملزم کو75ہزار روپے کی رقم چارج کی گئی ہے۔ انسداد بجلی چوری مہم کو188مکمل ہوگئے ہیں، اس دوران کل65 ہزار5سو56 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،63ہزار9سو6 ملزمان کیخلاف مقدمات درج کروا کر20ہزار58 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ بجلی چوروں کو اب تک 8 کروڑ31 لاکھ5 ہزار4سو28یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 3ارب15 کروڑ30 لاکھ23 ہزار8سو16 روپے ہے۔ واضح رہے بجلی چوروں کیخلاف آپریشنز وفاقی پاور ڈویژن کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق کئے جا رہے ہیں اور چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر بذاتِ خود ان آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں۔ لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہیگا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔ دریں اثناءچیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پرڈائریکٹر کسٹمرسروسز کی زیرنگرانی نادہندگان کے خلاف مہم جاری، اس سلسلے میں مہم کے 182 ویں روز 379 نا دہندگان سے7.60 ملین روپے سے زائد کی وصولی کرلی گئی ہے۔
لیسکو کے ترسیلی نظام کی مضبوطی اور سسٹم کی اپ گریڈیشن جاری ہے: چیف ایگزیکٹو
















