کالا موتیا موذی مرض، بینائی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچتا ہے:پروفیسر محمود ایاز

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی سے ملحقہ کالج آف آفتھلمالوجی اینڈ آلائیڈ ویژن سائنسز کے زیر اہتمام کالا موتیا سے متعلق آگاہی کیلئے گلوکوما واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک میں وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر پرنسپل کالج آف آفتھلمالوجی پروفیسر محمد معین، رجسٹرار کے ای ایم یو پروفیسر سید اصغر نقی، پروفیسر سائرہ افضل، پروفیسر حماد ایوب، پروفیسر اسد اسلم خان، پروفیسر جاوید چوہدری صدر او ایس پی، اور دیگر ماہرین امراض چشم نے شرکت کی۔ واک کا مقصد عوام میں کالا موتیا کے بارے میں شعور اور آگاہی فراہم کرنا تھا۔ واک کا آغاز کالج آف آفتھالمالوجی اینڈ الائیڈ ویژن سائنسز میو ہسپتال سے ہوا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر محمود ایاز کا کہنا تھا کہ کالا موتیا ایک ایسی بیماری ہے جو بینائی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا سکتی ہے لہٰذا کالا موتیا کی بروقت تشخیص اور علاج سے بینائی کے نقصان کو روکا جا سکتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے احکامات کے مطابق میو ہسپتال کی 8 منزلہ بلڈنگ مرمت اور بحالی کے آخری مراحل میں ہے جہاں پر ایک ہی چھت تلے امراض چشم کی مکمل تشخیص و علاج مفت میسر ہوگا۔ شرکا نے گلوکوما کی بیماری اس کی تشخیص، علاج اور بچاو¿ کے بارے میں معلومات اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ پروفیسر ڈاکٹر معین پرنسپل کالج آف آفتھلمالوجی اینڈ الائیڈ ویژن سائنسز کا کہنا تھا کہ خوشی اس بات کی ہے کہ بروقت تشخیص اور علاج سے کالا موتیا کنٹرول میں رکھا جا سکتا ہے اور اپنی قیمتی بینائی بچائی جا سکتی ہے۔ پروفیسر اسد اسلم خان کا کہنا تھا کہ کالا موتیا کے مریضوں کو اپنی آنکھوں کی صحت کیلئے اپنے معالج کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے باقاعدگی سے اپنی آنکھوں کا معائنہ کرواتے رہنا چاہئے ۔ واک میں پروفیسر احسن نعمان ،سی ای او میو ہسپتال لاہور ، پروفیسر سائرہ افضل ڈین پبلک ہیلتھ اینڈ پریونٹیو میڈیسن کے ای ایم یو، پروفیسر ڈاکٹر سہیل سرور، پروفیسر زاہد کمال صدیقی ، پروفیسر ڈاکٹر سید رضا علی شاہ، پروفیسر ڈاکٹر علی ایاز صادق، ڈاکٹر ناصر چوہدری، ڈاکٹر سلمان حمزہ, ڈاکٹر ثمن علی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔