پی ایچ ایف سیکرٹری کا عہدہ ایک اور دعویدار 2
اسلام آباد (مشرق نیوز) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری کا عہدہ ایک اور دعوے دار دو ہیں۔ ایک روز پہلے رانا مجاہد نے پی ایچ ایف کانگریس اجلاس اسلام آباد میں بلایا، تو دوسرے دعویدار حیدر حسین نے 19 مارچ کو کانگریس اجلاس کراچی میں طلب کر لیا۔نامزد صدر پی ایچ ایف طارق بگٹی کے مطابق وہ 21 مارچ کو ہونے والے اجلاس میں شرکت کرکے اعتماد کا ووٹ لیں گے۔سابق نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے خالد سجاد کھوکھر کے مستعفی ہونے کے بعد طارق بگٹی کو پاکستان پاکی فیڈریشن کا صدرنامزد کیا، انہیں کانگریس کے اجلاس میں اعتماد کا ووٹ لینا ہے لیکن ایک ماہ سے زیادہ ہو گیا طارق بگٹی نے اعتماد کا ووٹ نہیں لیا، بلکہ ایک ماہ تک سیکرٹری کی کرسی بھی خالی رہی اور اب اچانک سیکرٹری کے عہدے پر دو دعویدار سامنے آگئے، اولمپین رانا مجاہد اور حیدر حسین۔ دونوں نے الگ الگ کانگریس کا اجلاس طلب کرلیا۔ایک روز پہلے رانا مجاہد نے 21 مارچ کو کانگریس اجلاس اسلام آباد میں طلب کیا تو حیدر حسین نے 19 مارچ کو کراچی میں اجلاس بلالیا۔ حیدر حسین کہتے ہیں، عدالت انہیں سیکرٹری کے عہدے پر بحال کرچکی ہے۔ 19 تاریخ کے اجلاس میں اگر طارق بگٹی شریک نہیں ہوئے اور اعتماد کا ووٹ نہیں لیا تو کسی اور کو صدر بنایا جائے گا۔ پی ایچ ایف کے نامزد صدر طارق بگٹی نے بتایاکہ وہ 21 مارچ کے اجلاس میں شرکت کریں گے باقی کوئی اور اجلاس بلاتا ہے تو انہیں اس سے کوئی سروکار نہیں۔
















