آئی ایم ایف سے قرض پروگرام کی آخری قسط میں کوئی رکاوٹ نہیں : اورنگزیب

اسلام آباد،(بیورورپورٹ)وزیر خزانہ اورنگزیب نے کہا ہے آئی ایم ایف سے تاریخ کا سب سے طویل مدت کا پروگرام لینا چاہتے ہیں، ٹیکس نظام میں شفافیت ترجیح ،قومی آمدنی میں ٹیکسوں کا حصہ 10 فیصد تک پہنچانا چاہتے ہیں۔

وزیر خزانہ نے صحافیوںسے گفتگوکرتے ہوئے کہا آئی ایم ایف سے بڑا اور طویل مدت کا پروگرام لینا چاہتے ہیں، پاکستان اپنے کوٹے کے حساب سے بڑا پروگرام لینے کی کوشش کرے گا، آئی ایم ایف سے پاکستان کی تاریخ کا سب سے طویل مدت کا پروگرام لینا چاہتے ہیں، آئی ایم ایف پروگرام میں تسلسل رہیں گے تو معاشی نظم و ضبط رہے گا،معیشت کی بہتری آئی ایم ایف سے زیادہ ہماری حکومت کا ہدف ہے، وزیراعظم شہباز شریف معیشت کی بہتری کےلئے کلیئر ویژن رکھتے ہیں۔

اورنگزیب نے کہا وزیراعظم نے معاشی نظم و ضبط قائم رکھنے کی سخت ہدایت کردی، آئی ایم ایف سے موجودہ قرض پروگرام کی آخری قسط میں کوئی رکاوٹ نہیں ، آئی ایم ایف نے موجودہ قرض پروگرام کی آخری قسط میں 1.1 ارب ڈالر دینے ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا آئی ایم ایف سے نئے قرض پروگرام کا ابتدائی خاکہ تیار کر رہے ہیں، معاشی استحکام آئی ایم ایف اور حکومت پاکستان کا مشترکہ ہدف ہے، معیشت کی بہتری کےلئے نگران حکومت نے توجہ سے کام کیا، نجکاری کے معاملات فواد حسن فواد نے بڑی دلچسپی اور محنت سے چلائے، ٹیکس آمدن کو ڈیجیٹل طریقے سے جمع کرنا چاہتے ہیں، ٹیکس نظام میں شفافیت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، قومی آمدنی میں ٹیکسوں کا حصہ 10 فیصد تک پہنچانا چاہتے ہیں۔

علاوہ ازیں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات اورنگزیب نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور ریونیو اکٹھا کرنے کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں چیئر مین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ اور بورڈ کے ممبران نے شرکت کی،چیئرمین ایف بی آر نے ایف بی آر ٹیم کی جانب سے وزیرخزانہ کا پرتپاک استقبال کیا، وفاقی وزیر کو ایف بی آر کی طرف سے ریونیو اکٹھا کرنے کی کوششوں، ریونیو جنریشن کےلئے اٹھائے جانے والے اقدامات اور ریونیو ایڈمنسٹریشن میں درپیش مسائل پرتفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وفاقی وزیر کو بریفنگ میں بتایا گیا ایف بی آر نے رواں مالی سال کے پہلے8 مہینوں میں ریونیو اکٹھا کرنے کا مجموعی ہدف کامیابی سے حاصل کرلیا اور پورے سال کے ہدف کو بھی حاصل کرنے کےلئے پر عزم ہے،وزیر خزانہ نے اہداف کے حصول میں ایف بی آر ٹیم کی کوششوں کو سراہا، اورنگزیب نے بہتر کارکردگی اور ریونیو جنریشن میں اضافہ کےلئے ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن اوراصلاحات کے عمل کو تیز کرنے پر زور دیا، وزیر خزانہ نے ٹیکس وصولی کے نظام میں شفافیت کو یقینی بنانے کےلئے طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ٹیکس کے حقیقی پوٹینشل کے حصول کےلئے کوششیں تیز کی جائیں۔