رمضان کی آمد کی خوشی علامت ایمان ہے: اشرف آصف جلالی

لاہور (اپنے نمائندے سے) تحریک لبیک یارسول اللہ کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے ماہِ صیام، رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ رمضان کی آمد کی خوشی علامت ایمان ہے۔ استقبال رمضان عید کی خوشیوں کا پیش خیمہ ہے۔ ایک مسلمان آمد رمضان کی خوشی فطرتی طور پر اپنی روح میں محسوس کرتا ہے۔ زندگی میں ایک بار پھر آمدِرمضان قدرت کا بہت بڑا انعام ہے۔ بخشش و مغفرت کے موسم میں محروم رہنے والا بہت بڑے خسارے میں ہے۔ صیام و قیام کا اہتمام کرنے والا شخص رمضان المبارک سے ایک نئی زندگی حاصل کرتا ہے۔ رمضان المبارک کے حقوق کی ادائیگی خوش قسمت انسان ہی کر سکتا ہے۔ رسول اکرم نے رمضان کو صبر،ہمدردی،خیرخواہی اور پارسائی کا موسم قرار دیا ہے۔اگر اسوہ¿ حسنہ کے مطابق رمضان گزاریں تو دلوں کی کھیتیاں ہری بھری ہو جائیں گی۔ جس معاشرے میں رمضان المبارک کا احترام کیا جاتا ہے وہاں برکتوں اور رحمتوں کا نزول ہوتا ہے۔ تحریک صراط مستقیم کی طرف سے پہلے سے بڑے پیمانے پر ماہِ صیام میں ”فہم دین کورسز“ کا اہتمام کیا جائیگا۔ وہ رمضان جو خشیت ایزدی،پارسائی اور اللہ سے لو لگانے کا مہینہ تھا دن بدن ریاکاریوں، عریانی، فحاشی کی تباہ کاریوں اور دنیاوی رنگینیوں کا تماشہ بنتا جا رہا ہے۔ شوبز سے تعلق رکھنے والی حیا سوز شخصیات کی شرکت سے سحری و افطاری ٹرانسمیشن اور سٹیج ڈرامے میں فرق کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ رمضان ٹرانسمیشن کیلئے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں ضابطہ اخلاق بنانا اور اس پر پابندی کروانا ناگزیر ہوچکا ہے۔ حکومت رمضان المبارک میں بے تحاشا مہنگائی کو کنٹرول کرے۔ رمضان المبارک میں ذخیراندوزوں اور منافع خوروں کا کڑ احساب ہونا چاہیے۔ناداروں کیلئے رمضان پیکیج کا اہتمام کیا جائے۔ رمضان المبارک میں لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ کیا جائے۔ قتل و غارت اور ڈاکہ زنی کا خاتمہ کر کے ماہ صیام کو پرامن بنایا جائے۔ غربائ، فقراءاور مساکین سے بھرپور تعاون کیا جائے۔