وزیرآباد:رحیم پورہ الہ آباد میں صفائی عملہ غائب،گٹر ابل اپڑے

وزیرآباد:(عاطف یاسین ) میونسپل کمیٹی انتظامیہ کی نااہلی، وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے نگر نگر صفائی مہم فلاپ نظر آنے لگی، محلہ رحیم پورہ الہ آباد میں عملہ صفائی کے نہ آنے سے گٹر بند ہوگئے، سیوریج کا گندا پانی گلیوں میں تالاب کی صورت کھڑا ہونے سے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامناہے۔

مین بازار رحیم پورہ الہ آباد میں سیوریج کی بندش کے باعث گٹروں، نالیوں کا پانی تالاب کی صورت گلیوں میں کھڑا ہو گیا ہے جس سے لوگوں کا گھروں سے نکلنا محال ہو گیا ہے، گندا پانی مکانوں کی بنیادوں میں داخل ہونے سے عمارتیں کمزور پڑ رہی ہیں جبکہ علاقے میں تعفن پھیلنے سے مکین بیمار پڑ رہے ہیں۔

مکینوںنے کہا مقامی میونسپل انتظامیہ کو متعدد بار آفس جا کر شکایت کے ازالے کیلئے کہا گیا ہے مگر کوئی بھی متعلقہ، اہلکار ، سپروائزر افسر ٹا سے مس نہیں ہورہا، اہل علاقہ نے کہا ایک جانب وزیر اعلی پنجاب مریم نواز صوبہ بھر میں صحت و صفائی کیلئے خصوصی اقدامات اٹھا رہی ہیں تو دوسری جانب مقامی میونسپل انتظامیہ صفائی اہلکاروں کو مبینہ طور پر ذاتی کاموں میں یا بااثر افراد کی خدمت میں مصروف رکھ کر لوگوں کیلئے مشکلات پیدا کررہی ہے،اہل علاقہ نے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ ، کمشنر گوجرانوالہ ، چیف سیکرٹری پنجاب وزیر اعلیٰ پنجاب سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب شہر کے مختلف علاقوں میں گندگی اور سیوریج کی ایسی ہی شکایات ہیں شہری مسائل نہ حل ہونے پر عاجز آچکے ہیں، انہوں نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز سے وزیرآباد کے خصوصی دورے کا مطالبہ کیا ہے۔