بظاہر لگ رہا سوشل میڈیا مینج ،کون کررہا ہے سامنے آجائے گا: سندھ ہائیکورٹ

کراچی:(بیورورپورٹ) سندھ ہائیکورٹ نے ریمارکس دئیے بظاہر لگ رہا ہے سوشل میڈیا مینج ،کون کررہا ہے سامنے آجائے گا۔

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس عقیل عباسی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے انٹرنیٹ و سوشل میڈیا ایپ ایکس کی بندش کےخلاف درخواستوں پر سماعت کی ،پی ٹی اے نے جواب جمع کرایا۔

پی ٹی اے وکیل نے کہا وزارت داخلہ و دیگر اداروں نے سکیورٹی خدشات کی بنا پر موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند کی تھی،8 فروری کو موبائل کمپنیوں کو سروس معطل کرنے اور 9 فروری کو سروس بحالی کی ای میل کی گئی،چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے کہا آپ کتنے معصوم ہیں؟ معصوم ہیں یا مجبور؟ ایک طرف کہتے ہیں کچھ بند نہیں کیا، دوسری طرف سب بند پڑا ہے، مجبوری ہے یا کچھ اور وجوہات بتائیں، انٹرنیٹ بند کرنے کی وجوہات بتانے کی بجائے کہہ رہے ہیں کبھی اس نے کہا بند کردو، کبھی اس نے کہا بند کردو۔

جسٹس عقیل نے کہا اگرپی ٹی اے نے سروس بحال کرنے کا کسی کمپنی کو کہا اور سروس اب بھی معطل ہے تو ایسی کمپنی کو اٹھا کر باہر پھینکیں، اگر آپ نے موبائل فون و انٹرنیٹ سروس بند نہیں کی تو اسی لیے پوچھا تھاملک کے معاملات کون چلارہا ہے، آپ نے کہا 9 مئی کی وجہ سے انٹرنیٹ بند کیا تھا، کچھ سیاسی جماعتوں کو مہم و جلسے نہیں کرنے دئیے گئے، آپ سب نے دیکھااب تک انٹرنیٹ ٹھیک نہیں چل رہا، مختلف طریقوں سے کنٹرول کیا جارہا ہے، بچہ بچہ جانتا ہے،پی ٹی اے وکیل نے کہا9 فروری کے بعد کسی کمپنی کو انٹرنیٹ یا موبائل فون سروس بند کرنے کا نہیں کہا۔

چیف جسٹس نے کہا ایکس تو اب بھی بند ہے اگر کوئی کمپنی پی ٹی اے کی ہدایت پرعمل نہیں کرتی توکیا کارروائی کی؟،درخواست گزار کے وکیل نے سوال کیا کہہ دیں سارے دہشتگرد ایکس پرجمع ہیں تو کیا ایکس کو بند کردیا جائےگا؟ وکیل جبران ناصر نے کہا اگر پی ٹی اے تسلیم کررہا ہے ایکس ان کی ہدایت پر بند نہیں توکون ہے جس نے بند کیا ہے؟ یہ تو پھر نیشنل سکیورٹی کا مسئلہ ہے،چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے ریمارکس دئیے 9 مئی کی بات تو سمجھ آتی ہے، 8 فروری کے بعد بھی سروس بند ہے، یہ بات سمجھ نہیں آرہی، بظاہر لگ رہا ہے سوشل میڈیا مینج کیا جارہا ہے لیکن کون کررہا ہے سامنے آجائے گا،عدالت نے جبران ناصر کی توہین عدالت درخواست پر چیئرمین پی ٹی اے و دیگر کو نوٹس جاری کردئیے۔