چوبیس گھنٹوں میں 380 افراد بجلی چور ی میں ملوث، 141 کیخلاف مقدمات

لاہور ( خبر نگار ) وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 380ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، جن میں سے141کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں 11 کمرشل،2انڈسٹریل،5زرعی اور362 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو3 لاکھ33 ہزار 466 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 92لاکھ62 ہزار 979 روپے ہے۔بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ان تمام کے کنکشن بھی منقطع کئے گئے اوران کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔ انسداد بجلی چوری مہم کو 170مکمل ہوگئے ہیں، اس دوران کل 58992 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 54340 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کروا کر 17792 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔بجلی چوروں کو اب تک 7 کروڑ 76 لاکھ 25 ہزار 730 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 2 ارب 96 کروڑ89 لاکھ 74 ہزار 818 روپے ہے۔ دوسری طرف لیسکو چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پرڈائریکٹر کسٹمرسروسز رائے اصغر کی زیرنگرانی نادہندگان کیخلاف مہم جاری، اس سلسلے میں 165 روز سے جاری مہم کے دوران86871 ڈیفالٹرز سے 2ارب 59 کروڑ روپے سے زائد کی ریکوری کرلی گئی۔ علاوہ ازیں لیسکو نے میٹر ریڈرز کیلئے نئے موبائل فون کا ٹینڈر پاس کر دیا۔ یہ بات کسٹمر سروسز ڈائریکٹر رائے اصغر نے چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی زیر صدارت ہونے والی فنکشنل ہیڈز کی میٹنگ میں بتائی۔کسٹمر سروسز ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ جلد ہی نئے موبائل فون میٹر ریڈرز کو فراہم کر دئیے جائیں گے۔انکا کہنا تھا کہ موبائل فون سے ریڈنگ لینے کا مقصد صارفین کو درست ریڈنگ فراہم کرنا اور صارفین کو اوور ریڈنگ جیسے مسائل سے بچانا ہے۔چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر نے ڈائریکٹر کسٹمر سروسز رائے اصغر کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ لیسکو اپنے صارفین کیلئے نت نئے اقدامات اور بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہمیشہ کوشاں رہے گی۔علاوہ ازیں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے ماہ جنوری میں ریٹائر ہونے والے ملازمین کے اعزازمیں شاندار تقریب منعقد کی گئی،ریٹائر ہونے والے 31ملازمین کو پنشن پیپرز اور واجبات کے چیکس دینے کی تقریبات میں چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر،ڈی جی ایڈمن ضمیر حسین کولاچی اور پبلک ریلیشن آفیسر رائے مسعود کھرل نے شرکت کی۔تقریب میں ریٹائر ہونے والے تمام ملازمین کی پرتکلف چائے اور ریفریشمنٹ سے تواضع کی گئی جبکہ پنشن پیپرز اور واجبات کے چیک بھی موقع پر دیے گئے۔