پہلے دھاندلی تحقیقات وسیاسی استحکا م،IMF بیل آوٹ پیکیج مشروط کرے،پی ٹی آئی کاخط
اسلام آباد:(بیورورپورٹ)آئی ایم ایف بیل آوٹ پیکیج سے پہلے2 ہفتوں میں اسمبلیوں کی 30 فیصد نشستوں کا آڈٹ یقینی بنائے اور سیاسی استحکام پر زور دے،پی ٹی آئی نے خط لکھ دیا۔
عالمی مالیاتی فنڈکی ایم ڈی کو ترجمان حس رﺅف نے بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر لکھا،خط میں مطالبہ کیا گیا آئی ایم ایف 2 ہفتوں کے اندر قومی و صوبائی اسمبلیوں کی 30فیصد نشستوں کا آڈٹ یقینی بنائے، مالی سہولت دینے سے پہلے گڈ گورننس ودیگر شرائط سامنے رکھے،نہیں کہہ رہے آئی ایم ایف تحقیقاتی ادارے کا کام کرے، فافن و پتن نے عام انتخابات کے آڈٹ کا طریقہ کار بتا دیا،دونوں کے دئیے گئے طریقہ کار میں کچھ تبدیلیاں کرکے اطلاق کیا جائے،آئی ایم ایف کی طرف سے کردار پاکستانی عوام کےلئے عظیم خدمت ہوگی۔
پی ٹی آئی نے خط میں کہاآئی ایم ایف کی مالی امداد پاکستانی عوام پر بوجھ بڑھائے گی،صرف پی ٹی آئی نہیں دیگر جماعتیں و عالمی ادارے الیکشن فراڈ کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کررہے ہیں، آئی ایم ایف اصولوں کو سامنے رکھتے ہوئے کسی کو اختیارات کے غلط استعمال کی اجازت نہیں دی جائےگی،عالمی مالیاتی فنڈگڈ گورننس، شفافیت اور قانون کی حکمرانی کو اہمیت دیتا ہے لہٰذا آئی ایم ایف کو جائزہ لینے کی ضرورت ہے رکن مناسب پالیسیاں بنانے اور عملدرآمد کرنے کے قابل ہے یا نہیں،طے شدہ حقیقت ہے بغیر جائز نمائندگی کے مسلط کی گئی حکومت کی کوئی اخلاقی حیثیت نہیں ہوتی اور ایسی مسلط حکومت کو ٹیکسیشن اقدامات کرنے کا کوئی اخلاقی اختیار نہیں ۔
خط میں مزید کہا گیا 2023 میں بانی پی ٹی آئی اور آئی ایم ایف نمائندوں کے درمیان بات چیت ہوئی، پی ٹی آئی نے ملک میں آزادانہ،منصفانہ انتخابات کی شرط اور یقین دہانی پر مالی سہولت کی حمایت پر اتفاق کیا تھا،انتخابات کے انعقاد پر 180ملین ڈالر اخراجات آئے، انتخابات میں ووٹوں کی گنتی میں وسیع پیمانے پر مداخلت و فراڈ کیا گیا، مداخلت و فراڈ اتنا کھلم کھلا تھا امریکہ، برطانیہ اور یورپی یونین نے بھی مکمل و شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
مراسلے میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیاپی ٹی آئی آئی ایم ایف کی سہولت میں رکاوٹ نہیں بننا چاہتی وہ سہولت جو ملکی طویل مدتی معاشی بہبود کو فروغ دیتی ہو لیکن صرف منتخب حکومت کےساتھ ہی مذاکرات کیے جا سکتے ہیں ایسی حکومت جسے پاکستانی عوام کا اعتماد ہے،سہولت کےساتھ اصلاحات ضروری ہیں جو قرضوں کی ادائیگی میں آسانی پیدا کرے۔
خط میں کہاگیاپی ٹی آئی پاکستان کی سب سے بڑی و مقبول سیاسی جماعت اورحکومت سازی، قرضوں کی ادائیگی و قانون کی حکمرانی کےلئے آئی ایم ایف ڈیل کی اہمیت سے آگاہ ہے۔
دریں اثنا پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماﺅں بیرسٹر گوہر،عمر ایوب نے کہاآئی ایم ایف کو خط لکھ کر شفاف الیکشن کا وعدہ یاد کرایا ،عوام نے بانی پی ٹی آئی کو جیل میں ہوتے ہوئے منتخب کیا، حقیقی جمہوریت کےلئے کوشش کر رہے ہیں،کرسیوں کی طرف بھاگنے والے لوگوں کے پاس مینڈیٹ نہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا اگر آپ عوام کے منتخب کردہ نہیں تو ملک کو آگے لےجانے کا ویژن آپ کے پاس نہیں ، پی ٹی آئی کا مشن پاکستان کو ترقی کی طرف لےکر جانا ہے، حقیقی جمہوریت کی طرف بڑھ رہے ہیں، پاکستان کو سیاسی، معاشی چیلنجز درپیش ہیں۔
عمر ایوب نے کہا پی ٹی آئی آئی ایم ایف پروگرام کےلئے رکاٹ بنی نہ بنے گی، آئی ایم ایف کےساتھ بات چیت کے دوران شرط تھی شفاف الیکشن ہوں گے، الیکشن میں دھاندلی نہیں دھاندلا ہوا ، شاہ خرچیاں نگران ،پی ڈی ایم حکومت کرے اورخمیازہ عوام بھگتے؟۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہاپی ڈی ایم ٹو جیسا کسی قسم کا ریفارم پراسس نہیں کرسکتے،جنرل الیکشن کا آڈٹ کریں اور حقائق سامنے لائیں، پی ٹی آئی چاہتی ہے جو قرضہ لیا جائے وہ ریفارمز میں استعمال ہو نہ شاہ خرچیوں میں لگایاجائے۔


















