اسلام آباد :(بیورورپورٹ)کیس میں ڈرامائی موڑ،سنی اتحاد کونسل کامخصوص نشستیں لینے سے انکار،الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔
چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے سماعت کی،پی ٹی آئی کے بانی رکن وکیل حامد خان، سنی اتحاد کونسل کے وکیل بیرسٹر علی ظفر، پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر گوہر علی، ن لیگ کے وکیل و سابق وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ ، فروغ نسیم، فاروق ایچ نائیک اور کامران مرتضیٰ نے دلائل دئیے۔
الیکشن کمیشن میں دلائل کا آغاز کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے کہا سنی اتحاد کونسل نے عام انتخابات میں کوئی حصہ نہیں لیا، الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں سے انتخابی ضابطوں پر عملدرآمد بارے خط لکھا، سنی اتحاد کونسل نے جواب دیا انکی جماعت نے کوئی امیدوار کھڑے نہیں کئے، سیکشن 104میں واضح لکھا ہے جوپارٹی انتخابات میں حصہ لے رہی ہو، شق 104میں مخصوص نشستوں کیلئے ترجیحی فہرست کا ہونا لازمی ہے،ایم کیوایم پاکستان کے وکیل بیرسٹر فروغ نسیم نے دلائل دیتے ہوئے کہا شق 104میں واضح ہے انتخابات میں حصہ لینے والی جماعت فہرست دے سکتی ہے، اگر کسی جماعت نے مقررہ وقت میں فہرست نہیں دی تو وہ انتخابی سیاسی جماعت نہیں ہوگی۔
پیپلز پارٹی کے فاروق ایچ نائیک نے دلائل دیتے ہوئے کہا اگر پہلے سے فہرست نہیں دینی تو مخصوص نشستیں دینا نہیں بنتی، سنی اتحاد کونسل کوئی جنرل نشست جیت کرنہیں آئی، نہ ہی کوئی ترجیحی فہرست جمع کرائی، شق104کے تحت تاریخ گزرنے کے بعد نئی فہرست نہ جمع کرائی جاسکتی ہے نہ تبدیل ہوسکتی ہے،فاروق ایچ نائیک نے کہا موجود فہرست میں نام ختم ہونے کی صورت میں سیاسی جماعت مزید نام دے سکتی ہے، الیکشن کمیشن اسوقت سنی اتحاد کونسل سے نئی فہرست طلب نہیں کرسکتا۔
جے یو آئی(ف) کے وکیل کامران مرتضیٰ نے الیکشن کمیشن میں دلائل دیتے ہوئے کہا آپ نے آئین، الیکشن ایکٹ شق 104 اور رولز 92 کو دیکھنا ہے، نشستوں کی پوزیشن سے متعلق آرٹیکل 51 کی شق تین دیکھنا پڑے گا،انہوں نے استدلال کیا سنی اتحاد کونسل نے کوئی لسٹ نہیں دی اب لسٹ جمع نہیں ہوسکتی، اب یہ سیٹیں ان پارٹیوں میں تقسیم ہوسکتی ہے جنہوں نے لسٹ فراہم کی تھی الیکشن کمیشن نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پرسنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا ۔
ادھر الیکشن کمیشن مخصوص نشستوں سے انکار کا سنی اتحاد کونسل کا 26 فروری کا خط سامنے لے آیا،الیکشن کمیشن نے 23 فروری کو خواتین کو جنرل نشست پر 5 فیصد کوٹہ دینے سے متعلق سنی اتحاد کونسل کو خط لکھا تھا۔
الیکشن کمیشن کے جواب میں 26 فروری کو لکھے گئے خط میں سنی اتحاد کونسل نے کہا عام انتخابات میں سنی اتحاد کونسل کے نشان پر کسی امیدوار نے الیکشن نہیں لڑا، خواتین امیدوار کی کوئی فہرست وجود نہیں رکھتی لہٰذا جمع نہیں کرائی جا رہی۔
دوسری جانب رہنما پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا مخصوص نشستوں کو خالی بھی نہیں چھوڑا جاسکتا، غبن پر سپریم کورٹ جائیں گے، ہم نے الیکشن کمیشن کو کہا یہ سیٹیں ہمیں دینی ہی دینی ہیں، ہم سب کی امید ہے آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ ہوگا، پی ٹی آئی رہنما نے کہا بیرسٹرعلی ظفر اگر غبن ہوگیا تو سپریم کورٹ جائیں گے اور ایسی صورت میں تو صدر، سپیکر اورڈپٹی سپیکر کا الیکشن متنازع ہوجائے گا، ریزرو سیٹیں میرٹ بیسڈ ہوتی ہیں، اگر یہ دوسری پارٹی کے لوگوں کے پاس چلی گئیں تو خیرات سمجھ کر بانٹیں گے، سنی اتحاد کونسل کو یہ سیٹیں ملیں اور ضرور ملیں گی، الیکشن کمیشن کواگر سیاسی نظام چلانا ہے تو عوامی نمائندوں کا احساس کرنا ہے، بیرسٹر گوہرنے مزید کہا کہ ہماری سیٹیں ہمیں دی جائیں تاکہ ہماری اسمبلی پوری ہو،الیکشن کمیشن سے استدعا ہے عوام نے فیصلہ دیا ہے، علی ظفر نے الیکشن کمیشن میں بہترین دلائل دیئے ہیں،اسمبلی اس وقت تک پوری نہیں ہوتی جب تک تمام ممبران پورے نہ ہوں۔
کیس میں ڈرامائی موڑ،سنی اتحاد کونسل کامخصوص نشستیں لینے سے انکار،فیصلہ محفوظ


















