بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے ضرور پلوائیں ،ڈپٹی کمشنرعبداللہ نیئر شیخ

فیصل آباد:( بیورو رپورٹ )ڈپٹی کمشنرعبداللہ نیئر شیخ انسداد پولیو کی جاری مہم پر عملدرآمد کاجائزہ لینے کے لئے جنرل بس سٹینڈ پہنچ گئے اور پولیوٹیموں کی موجودگی،بچوں کو قطرے پلانے اور اندراج کے عمل کو چیک کیا،مختلف شہروں کو روانہ ہونے والی بسوں کے اندر جا کر والدین سے ان کے ہمراہ پانچ سال تک کی عمرکے بچوں کو حفاظتی قطرے پلوانے کے بارے میں دریافت اور بچوں کی انگلیوں پر تصدیقی نشانات چیک کرکے تسلی کی جبکہ موقع پر بعض بچوں کو خود بھی پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے۔

ڈپٹی کمشنرنے ہدایت کی کہ ٹرانسپورٹ اڈوں سے کوئی مسافر گاڑی سفر کرنے والے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے بغیر روانہ نہیں ہونی چاہیے۔اس سلسلے میں ایریا انچارجز ٹیموں کی کارکردگی پر گہری نظر رکھیں۔انہوں نے والدین سے کہا کہ وہ اپنے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ اس مرض کا یکسر خاتمہ کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹس اڈوں سمیت پارکوں،تفریحی مقامات ودیگر عوامی جگہوں پر انسداد پولیو ٹیموں کو سرگرم عمل رکھیں اور کوئی بچہ بھی حفاظتی قطرے پئے بغیر نہیں رہنا چاہیے۔