سرگودھا:(سحر محمود اعوان) سرگودھا میں ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کی بڑی وجہ جا بجا چنگ چی رکشاو¿ں کے سٹینڈ اور بازاروں میں ریڑھیاں اور دکانداروں کی جانب سے سامان کا رکھنا اورغیر قانونی پارکنگ ہے، کوشش کی جائیگی کہ سروسز روڈ کو تجاوزات سے پاک کرکے یہاں پر سلو ٹریفک کو بحال کیا جائے تاکہ ٹریفک کے دباو کو کم سے کم کرنے میں مدد مل سکے۔
ڈی ایس پی ٹریفک یوسف چیمہ نے ٹریفک کے مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوری گیٹ‘ سیٹلائٹ ٹاون چوک‘ 47اڈا‘جنرل بس اسٹینڈ‘ گولچوک‘ بلاک 12‘ شربت چوک‘ غلہ منڈی اور مختلف مقامات پر ناجائز اڈوں کو ختم کروایا جائےگا۔اس حوالہ سے انہوں نے ٹریفک پولیس اہلکاروں کو ہدایت کہ تجاوزات کے خاتمہ میں بلدیہ انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دیں اور کچہری بازار،امین بازار سمیت مختلف بازاروں میں دکانداروں کی گاڑیاں،موٹر سائیکل بازاروں میں پارک کرنے پر پابندی عائد کی جائے۔
یوسف چیمہ نے کہامسئلہ نفری کی کمی ہے ،پورا کرنے کیلئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اور آر پی او سرگودھا سے درخواست کی جائےگی تاکہ ٹریفک کے مسائل پر قابو پایا جاسکے اور سول ہسپتال اور کمپنی باغ گیٹ کے سامنے کوشش کی جائےگی کہ ایک سے زیادہ رکشہ کھڑا نہ ہو تاکہ ٹریفک کی روانی میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے انہوں نے کہا کہ متعدد بارمختلف پلازوں‘ پرائیویٹ ہسپتالوں اور سکولز مالکان کو غیر قانونی پارکنگ فوری ختم کرنے کا کہا گیا لیکن ہدایت پر عملدرآمد نہیں کیا گیا اب ان پلازوں‘ ہسپتالز‘سکولز کے مالکان کو تجاوزات کی دفعات 290,291,283PPC کے باقاعدہ نوٹسز جاری کئے جارہے ہیں جس کے بعد ان کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی جبکہ جھنگ سرگودھا روڈ پر ساہیوال کے مقام پر ٹریفک کی بحالی کیلئے ساہیوال اڈا پر ٹریفک اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ کیا جارہا ہے۔
سرگودھا: غیر قانونی چنگ چی رکشہ سٹینڈز ٹریفک کی روانی میں بڑی رکاوٹ
















