فیصل آباد میں941واسا ملازمین فارغ،احتجاج،دھرنا

فیصل آباد:( صدقت علی ) فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے خسارے کو بہانہ بنا کر 941 ورک چارج ملازمین کو نوکری سے فارغ کر دیا۔ ملازمین نے کمپنی کے اقدام کے خلاف ڈپٹی کمشنر دفتر کے باہر دھرنا دے کر احتجاج کیا،چوک گھنٹہ گھر سے ڈپٹی کمشنر آفس تک احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔

سابق ڈپٹی میئر امین بٹ نے متاثرہ ملازمین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ہم مسلم لیگ نون کی حکومت کے خلاف ہونے والی اس سازش کو بھرپور طاقت سے ناکام بنائیں گے اور افسر شاہی کو من مانی نہیں کرنے دینگے۔ حالات پہلے ہی خراب ہیں اگر ایسا ہوا تو بیروزگاری کا مزید طوفان آئے گا جو حکومت کی بدنامی کا باعث بنے گا۔ مظاہرین نے ڈپٹی کمشنر آفس کے باہر احتجاج کیا اورایف ڈبلیو ایم سی کے افسران کے خلاف شدید نعرے لگائے۔

مظاہرین نے کہا 941 ملازمین نہیں بلکہ 941 خاندان متاثر ہوئے ہیں اگر انہیں بیروزگار کر دیا گیا تو یہ خاندان تباہ ہو جائیں گے‘ مہنگائی نے پہلے ہی عوام کا برا حال کر رکھا ہے اگر ان سے روزگار چھین لیا گیا تو یہ کہاں جائیں گے ۔ انہوں نے چیئرمین ایف دبلیو ایم سی بورڈ محمد احمد کو خبردار کیا کہ ملازمین کو فارغ کرنے کے خلاف متاثرہ ملازمین کے بیوی بچوں کے ساتھ ڈی سی آفس کے سامنے دھرنا یا جائے گا ۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اپیل کی کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کیلئے بدنامی کا باعث بننے والے ایسے افسران کو فوری نکالا جائے اور اہل لوگوں کو لایا جائے۔