ساہیوال فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں،متعدد فوڈ پوائنٹس کو بھاری جرمانے

ساہیوال:(بےورورپورٹ)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ساہیوال، اوکاڑہ اور پاکپتن میں کارروائیاں، مینگو جوس مینوفیکچرنگ یونٹ، سویٹس اینڈ بیکرز، کریانہ سٹورز، ہوٹلز سمیت متعدد فوڈ پوائنٹس کی انسپکشن، حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے، 154 لٹر ایکسپائرڈ مشروبات، 200 لٹر ملاوٹی دودھ، 15 کلو غیر معیاری خوراک تلف کردی گئی۔

ساہیوال میں اڈہ 90 موڑ، کمالیہ روڈ چیچہ وطنی، نائی والا ہڑپہ اسٹیشن اور پاکپتن چوک پر 7 کریانہ اینڈ جنرل سٹورز کو زائدالمیعاد کولڈ ڈرنکس، ریسپی مصالحہ جات کی موجودگی اور صفائی کے ناقص انتظامات ہونے پر 85 ہزار روپے کے جرمانے عائد کردئیے گئے۔

قادر آباد ساہیوال میں ہوٹل کو گندے فریزر میں سبزیوں اور گوشت کی سٹوریج پر 18 ہزار، منظور کالونی 90 موڑ اور عمران ٹاون 90 نائن ایل میں 3 سویٹس اینڈ بیکرز کو بیکری آئٹمز کی تیاری میں ٹوٹے انڈوں کا استعمال،حشرات کی بھرمار، پروڈکشن کے دوران سگریٹ نوشی کرنے پر 70 ہزار روپے کے جرمانے عائد کردئیے گئے۔

شالیمار ٹاون اوکاڑہ میں بیکری کو ایکسپائرڈ فوڈ کلر کی موجودگی پر 80 ہزار، نہر والا پل جی ٹی روڈ پر جوس پوائنٹ کو پروڈکشن ایریا میں واش روم کی موجودگی، خوراک کو ڈھانپ کر نہ رکھنے پر 25 ہزار، ایکسپائری مصالحہ جات فروخت کرنے پر فیصل ستگارا موڑ پر سپر سٹور کو 30 ہزار روپے جرمانہ کردیا گیا۔ مزید ہوتہ روڈ بائی پاس پر میرج ہال کو کھانوں میں چائنہ نمک کا استعمال کرنے پر 35 ہزار، قبولہ روڈ عارف والا میں پیزا پوائنٹ کو ایکسپائرڈ کولڈ ڈرنکس کی موجودگی اور کرمانوالا چوک پر کریانہ سٹور کو زائدالمیعاد اشیاءکی موجودگی پر 15، 15 ہزار روپے کے جرمانے عائدکیے گئے۔