لاہور:(رپورٹنگ ٹیم)پنجاب کی نو منتخب وزیر اعلیٰ مریم نواز نے عوام کی فلاح و بہبود اور صوبے کی ترقی کےلئے اپنی ترجیحات کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا میں صرف ن لیگ کے اراکین کی نہیں اتحادیوں اور اپوزیشن کی بھی وزیر اعلیٰ ہوں ،میں اپوزیشن کو پیغا دینا چاہتی ہوں میرے دفتر ، میر ے دل اور میرے چیمبر کے دروزے ان کےلئے بھی اسی طرح کھلے ہیں جس طرح میری جماعت کےلئے کھلے ہوں گے ،میرے دل میں کسی کےلئے انتقام اور بدلے کا کوئی جذبہ نہیں ،میرے مخالفین جنہوں نے مجھے ظلم کا نشانہ بنایا انتقام کا نشانہ بنایا ان کا میرے اوپر بڑا احسان ہے کہ انہوں نے مجھے ایسی جدوجہد اورتربیت سے گزارا جس کا کوئی نعم البدل نہیں ، کاروبار کرنا حکومت کا کام نہیں بلکہ پالیسی بنانا ، کاروبار کےلئے سازگار ماحول ،ریگولیشن اور مراعات دینا ہے ۔
کسانوں کو ہر طرح کی مراعات دیں گے ، زراعت میں جدت لے کر آئیں گے ، یوتھ اور خواتین کےلئے خصوصی منصوبے شروع کریں گے جس کےلئے ہوم ورک شروع کر دیا ہے ، پنجاب کو محفوظ بنائیں گے ، آئی ٹی سٹیز بنائیں گے ،غیر ملکی آئی ٹی کمپنیز کو یہاں لائیں گے اس کےلئے انہیں مراعات اور سہولیات دیں گے ، تعلیم کے میدان میں انقلابی اٹھائیں گے ، کوشش ہو گی وسائل کی کمی کی وجہ سے کوئی بچہ سکول سے باہر نہ ہو، بچوں کو بیرون ملک اعلیٰ کےلئے بھرپور وسائل مہیا کریں گے،صحت کے شعبے میں بہترین سہولتیں دیں گے، آئندہ چند ہفتوں میں ائیر ایمبولینس سروس کا آغاز کر دیںگے ، صحت کارڈ کو دوبارہ بحال کریںگے ، سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی شروع کر رہے ہیں، پائلٹ پراجیکٹ کے تحت لاہور میں مفت وائے فائی دینے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے پاکستان اور پنجاب کی تاریخ میں پہلی خاتون وزیر اعلیٰ منتخب ہونے کے بعد پنجاب اسمبلی کے ایوان میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
مریم نواز کی تقریر کے دوران اراکین ڈیسک بجاتے رہے جبکہ گیلریز میں موجود مہمان تیری آواز میری آواز مریم نواز ، مریم نواز،مریم ، مریم اور شیر شیر کے نعرے لگاتے رہے ۔ نومنتخب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا جناب سپیکر میں اللہ تعالیٰ کا سر جھکا کر عاجزی سے شکر ادا کرتی ہوں ،وہ منظر میری آنکھوں کے سامنے گھوم رہا ہے کس طرح قدرت کے نظام میں مشکلات سے گزارنا اور پھر اس کو عزت سے نوازانا ہوتا ہے ، میں آپ کو اور ظہیر چنٹر کو سپیکر اور ڈپٹی منتخب ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتی ہوں اورامید کرتی ہوں آپ کی قیادت میں یہ ایوان جمہوری اصولوں اورجمہوریت کے پرچم کو سر بلند رکھے گا۔
نومنتخب وزیراعلیٰ نے کہاافسوس اس بات کا ہے اپوزیشن کے فاضل اراکین موجود نہیں ، میرا یہ دل تھا کہ وہ یہاں موجود ہوتے جمہوری عمل میں شامل ہوتے کیونکہ ہم سیاسی اور جمہوری کارکن ہیں اور سمجھتے ہیں جمہوریت میں جدوجہد میں سیاست میں مقابلہ کتنا صروری ہے ، ہمارے اوپر بھی بہت مشکل وقت آئے اور انتہائی مشکل وقت آئے اور طویل عرصہ رہے وہ مشکل وقت بھی رہا جب ہر چیز ہمارے خلاف تھی ، مشکلات تھیں،مصائب تھے ہمیںظلم اوربربریت کا نشانہ بنایا گیا لیکن اللہ تعالیٰ کا شکر ہے ہم سے ہر رکن اوربطور جماعت میدان خالی نہیں چھوڑا، آج اگر اپوزیشن یہاں موجود ہوتی شور شرابہ کرتی آواز بلند کرتی تو مجھے زیادہ خوشی ہوتی،میں ان کو غائبانہ پیغام دینا چاہتی ہوں جیسے میں ان سب کی وزیر اعلیٰ ہوں جنہوں نے مجھے ووٹ دیا ،میں ان سب کی بھی وزیر اعلیٰ ہوںبیٹی ہوں بہن ہوں جنہوں نے مجھے ووٹ نہیں بھی دیا ، میں اپوزیشن کو پیغام دینا چاہتی ہوں میرے دفتر کے دروازے، میرے دل کے دروزے، میرے چیمبر کے دروزے ان کےلئے بھی اسی طرح کھلے ہیں جس طرح میری جماعت کےلئے کھلے ہوں گے۔
مریم نوازنے کہا پنجاب میں ایک لاکھ گھر بنا کر دیں گے ،” نگہبان “ کے نام سے رمضان ریلیف پیکیج بنایا ہے، نگہبان پیکیج گھروں تک پہنچایا جائے گا، سستے رمضان بازار لگائیں گے جن کی مانیٹرنگ ہوگی، 60ہزار ماہانہ تنخواہ والے لوگ مستحقین ہیں، ان کی مدد کرنا ہمارا فرض ہے، چیف سیکرٹری سے کہا ہے 3ماہ میں پورے پنجاب کا سروے ہونا چاہیے، ہمیں معلوم ہونا چاہیے کس کو کس چیز کی ضرورت ہے، نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجا ب نے کہا میں سمجھتی ہوں میں اس کرسی بیٹھی ہوں تو ایک بہت بڑی ذمہ داری میرے کندھوں پر آن پڑی ہے ،پنجاب کے ساڑھے 12کروڑ عوام کی ذمہ داری ہے جو غربت ،مہنگائی اورمشکلات کی چکی میں پس رہے ہیں ،نواز شریف ،شہباز شریف اور پارٹی کے جتنے سینئر رہنما ہےں وہ میرے مینٹور ہیں، ان کی میراث کو آگے بڑھانا کوئی آسان کام نہیں ،میرا مقابلہ کسی مخالف سے نہیں بلکہ جماعت کے اندر بیٹھے ہوئے لوگوں کی کارکردگی کے ساتھ ہے ،میں نے میراث کو قبول کرنا ہے اورآگے بڑھنا ہے اور سب کی امیدوں سے بڑھ کر کارکردگی دکھانی ہے ، مجھے احساس ہے پاکستان کے پنجاب کے جتنے مسائل ہیں ان کےلئے حل کےلئے 5 سال بہت تھوڑے ہیں اگر ہم 24گھنٹے کام کریں تب بھی یہ وقت تھوڑا ہے ،میرے سامنے وہ بچہ ہے جو تعلیم حاصل نہیں کر رہا اورسکول سے باہر ہے ، وہ کسی مجبوری کی وجہ سے تعلیم کی سہولت سے محروم ہے ، وہ مریض ہے جو مہنگے علاج کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتا اوراس کو دوائی نہیں ملتی ، میرے سامنے وہ نوجوان ہیں جس نے تعلیم حاصل کی ہے ہنر بھی ہے لیکن نوکری اور روزگار نہیں ہے ، میر ے ساتھ وہ یتیم بچے ہیں جو ریاست کی ذمہ داری ہونی چاہیے لیکن وہ گلی محلے میں رلتے ہیں، یتیم بچوںکا کوئی آسرا اورچھت نہیں ہے ، میرے سامنے ہر ماں اوربچہ ہے جو سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے زچگی کے دوران موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں،وہ بچے ہیں جو جو غذائیت کی کمی کا شکار ہے ہیں ،وہ چھوٹا کسان ہے جس کی وجہ سے ہماری معیشت چلتی ہے اور وہ ہماری طرف دیکھ رہاہے پنجاب حکومت اس کی مدد کےلئے پہنچے گی،میرے سامنے سڑک کنارے کھڑے وہ مزدور ہیں جو رزق کی تلاش میں بیٹھے ہوتے ہیں، پنجاب کو معیشت کا حب بنائیں گے۔
نومنتخب وزیراعلیٰ نے کہاکاروبار کرنا حکومت کا کام نہیں بلکہ پالیسی بنانا ، کاروبار کےلئے سازگار ماحول ،ریگولیشن اور مراعات دینا ہے ، دستاویزات کی تیاری ، این او سیز ، یوٹیلیٹی کنکشنز لینا ہو ں تو کوئی بھی تکلیف نہ ہو ،جو بیورو کریٹک سرخ فیتہ ہے اس کو ختم کرنا ہے ، اس کےلئے ون ونڈو حل پیش کریں گے، حکومت جتنے کاروبار چلا رہی ہے کوشش ہے اس کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ میں تبدیل کیا جائے ،ہم بزنس کمیونٹی کو سہولیات دیں گے انہیں مراعات دیں گے تاکہ پنجاب میں ترقی کا پہیہ چلنا شروع ہو ، ہم نے گورننس کا متحرک ماڈل دینا ہے،شفافیت ہو ، کرپشن کےخلاف زیرو ٹالرنس ہے ، ایسا شفاف میکنزم لائیں گے رشوت کا خاتمہ ہو ، ہم گورننس کا ایسا ماڈل لے کرآئیں گے جس میں ٹائم لائن ہو ، اس کے ساتھ مانیٹرنگ ہو وہ میری ذمہ داری ہے، حکومت سنبھالتے ہیں عوام سے تعلق ٹوٹ جاتا ہے لیکن میں چاہتی ہوں ایسی ہیلپ لائن ہو جو24گھنٹے کھلی ہو، یوتھ ،خواتین اورعام آدمی کی رسائی ہو ، ان کے ذریعے منصوبوں کے حوالے سے فیڈ بیک ملے ،اس ہیلپ لائن کے ذریعے عوام کی مجھ تک براہ راست رسائی ہگی ، میں خود اس کا رسپانس کروں گی کیونکہ ہم عوام کے خادم ہیں، ہم اب آرام سے نہیں بیٹھ سکتے کیونکہ ہمارے پاس ٹائم نہیں ، رمضان المبارک آرہا ہے ہم نے ” نگہبان “ کے نام سے ریلیف پیکیج کا منصوبہ ہے جس کے تحت 65سے70لاکھ ریلیف پیکیج لوگوں کے گھروں پر پہنچے گا، لوگ قطاروںمیں لگتے ہیں ،یہ نیا ماڈل ہے ، عوام کا حق ان کی دہلیز پر پہنچنا اولین ذمہ داری ہے ،یہ ایک ٹیسٹ کیس ہے ، اس کےلئے بیورو کریسی کو متحرک کردار ادا کرنا ہوگا اور وہ پر عزم ہیں پروگرام کی کامیابی کےلئے دن رات ایک کریں گے۔
مریم نواز نے کہاسستے رمضان بھی لگیں گے ،مانیٹرنگ ہو گی ،پرائس کنٹرول کے نظام کو فعال کرنا اور متحرک کرنے پر بھی توجہ مرکوز ہے ، پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے اجلاس شروع کر رہی ہوں تاکہ عوام کو مقررہ نرخوں سے ایک روپیہ بھی زائد ادا نہ کریں، مجھے اندازہ ہے پورے پاکستان میں قابل اعتماد ڈیٹا نہیں ہے ، ہمارے پاس صرف بینظیر انکم پورٹ پروگرام کا ڈیٹا ہے لیکن یہ سب ضرورت مندوں کو کور نہیں کرتا ،60ہزار یا اس سے نیچے آمدن والے سب مستحقین ہے ،ڈیٹا کی عدم موجودگی کی وجہ سے بہت سی مشکلات کا سامنا ہے ، اس لئے ہمارے پاس جو دستیاب ڈیٹا ہے ہمیں اس پر ہی انحصار کرنا پڑ رہا ہے ،وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا اگر بچہ پڑھنا چاہتا ہے اور وہ میرٹ پر پورا اترتا ہے لیکن اس کے پاس اعلیٰ تعلیم کے حصول کےلئے وسائل نہیں ہے تو اس کےلئے پنجاب حکومت وسائل فراہم کرے گی ، پنجاب ایجوکیشن انڈولمنٹ فنڈ کو آگے بڑھائیں گے ، جن بچوںنے فیسیں ادا کر دی ہیں وہ واپس کریں گے ، جو ہونہار بچے اور بچیاں ہیںجن میں صلاحیتیں ہیں ان کا ہاتھ تھامیں گے ،حکومت کے معاشی حالات کا سب کو پتہ ہے ،آج ہم تھوڑی تعداد سے شروع کر رہے ہیں لیکن ہماری کوشش ہو گی ان کو پاکستان اور دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں تعلیم دلوائی جائے ، جو تعداد رکھیں گے اس کا سارا خرچہ حکومت پنجاب ادا کرے گی ، 2013میں پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت بہت سی سکیمیں تھیں سب کو بحال کریں گے،بغیر سود قرضہ سکیم ہے ، ٹریننگ پروگرامز کی سکیمیں ہیں،سمال بزنس لون سکیم ہے ، لیپ ٹاپ سکیم شامل ہے ، انٹر ن شپ پروگرام ہیں ، میں نے یہ کہا ہے جو بچے انٹرن شپ کریں انہیں ماہانہ 25ہزار دیا جائے تاکہ وہ تربیت بھی حاصل کریں اوراپنا خرچہ اٹھا نے کے قابل ہو جائےں،آئی ٹی سٹارٹ اپ شروع کریںگے ، بھارت اور بنگلہ دیش کو دیکھ لیں وہ آئی ٹی میںہم سے بہت آگے ہیں اورہم بہت پیچھے ہیں ،یہاں با صلاحیت لوگوں کی کمی نہیں ،صرف ان کا ہاتھ تھامنے والا کوئی نہیں۔
اپنے خطاب میں مریم نواز نے کہا لوگ اپنے گھر گھر بیٹھ کر کاروبار شروع کریں ہم وسائل مہیا کریں معاونت دیں گے ،فری لانسنگ شروع کریں گے،مریم نواز نے کہا وزیر اعلیٰ ہاﺅس کے دروازے تمام طلبہ و طالبات کےلئے کھلے ہوںگے ،ان کے ساتھ بیٹھ کر مسائل کو سنوں گی ، ان کی مشاورت سے سکیمیں ڈیزائن کریں گے اور یہ کام دنوں میں ہوگا، ایک ماں ہونے کے ناطے میر ی یہ سوچ ہے پنجاب کا کوئی وسائل کی کمی کی وجہ سے سکول سے باہر نہ ہو، ان کو اچھا تعلیمی ماحول ملے ، اچھے اساتذہ ملیں ، کھیلوں کے میدان کی سہولیات ملیں ،اساتذہ کی بھرتی کا پروگرام ، اساتذہ کو تربیت کا پروگرام شروع کریں گے، سرکاری سکولوں میں ہر طرح کی سہولیات فراہم کریںگے ہم اس کےلئے جامع ماڈل پر کام کر رہے ہیں ، ہم چاہتے ہیں تعلیم کے شعبے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پر کام کر یں جہاں غریب کا بچہ مفت پڑھے اس کےلئے ہم سرمایہ کاری کرنے والے نجی شعبے کو مراعات اور سہولیات دیں گے ،میں اعلان کرتی ہوں پنجاب میں سکول ٹرانسپورٹ سسٹم دیں گے، معیاری نصاب کا نہ ہونا دیرینہ مسئلہ ہے اور آسان کام نہیں،نصاب دنیا کے نصاب سے معیار میں بہت نیچے ہے اس پر نظر ثانی کرنا ہو گی اور اس پر بھی پوری توجہ دینی چاہیے ، سرکاری سکولوں میں بھی وہی نصاب اور معیار ہونا چاہیے جو امیر کے بچوں کےلئے پرائیویٹ سکولوں میں ہے، بھٹے پر کام کرنے والے مزدور کے بچوں کےلئے تعلیمی وظائف کو بحال کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا دانش سکول شہباز شریف کا بڑا زبردست منصوبہ تھا اس کو بھی بڑھائیں گے، سکلڈ ڈویلپمنٹ کے جتنے بھی ادارے ہےں ان کی اپ گریڈیشن اور ان کو ماڈل لائن پر استوار کرنے پر بھی خصوصی توجہ ہو گی، سپیشل بچوں کےلئے بہت کام کرنا ہے ، اگر ایسے بچوںکا بروقت علاج ہو جائے تو وہ زندگی بھر کی معذوری سے بچ سکتے ہیں، ان کی سکریننگ کا پروگرام لائیںگے اس کے ذریعے ہم انہیں قومی دھارے میں شامل کر سکتے ہیں، میں کوشش کروں گی ہر ضلع میں سپیشل ایجوکیشن کا اعلیٰ درجے کا ادارہ ہو ، صحت ایسا شعبہ ہے جس پر کام ہوا ہے اور بہت کام ہونے والا ہے ، میری پہلی ترجیح ہے جو بیسک ہیلتھ یونٹس ، رورول ہیلتھ سنٹرز اورٹی ایچ کیوز ہیں وہاں قابل ڈاکٹرز کی دسیتابی کو یقینی بنانا ہے ، وہاں مشینری دی جائے ،ادویات مہیا کرنا میری اولین ذمہ داری ہے ، میں چاہتی ہوں ہر ضلع میں ایک سٹیٹ آف آرٹ ہسپتال ہو تاکہ کسی مریض کو علاج کےلئے کسی دوسرے شہر نہ جانا پڑے ،میری کوشش ہو گی5 سال کے بعد جب حکومت چھوڑ کر جاﺅں تو کوئی بھی ضلع ایسا نہ ہو جہاں سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال نہ ہو ، بجائے اس کے ہم کینسر ، دل ، گردوں اور جگر کے امراض کےلئے الگ سے ہسپتال بنائیں بلکہ جو بڑے ہسپتال ہیں ان میں یونٹس بنیں جہاں پر ان سب امراض کا علاج ہو ،چلڈرن ہسپتال بھی بنیں ۔
تمام سرکاری ہسپتالوںکی ایمر جنسیز میں مفت ادویات شروع کرنے جارہے ہیں ،نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا میرا ساتھ ایک واقعہ ہو اتھا اور میں نے اس وقت تہیہ کیا تھا کہ اللہ مجھے کوئی ذمہ داری دے گا تو میں سب سے پہلے ائیر ایمبولینس کا اعلان کروں گی ، ہم آنے والے ہفتوں میں پہلی ائیر ایمبولینس شروع کرنے جارہے ہیں ، اس کا مقصد یہ ہے کہ اگر خدانخواستہ ایسی کسی جگہ پر کوئی حادثہ ہو جائے جہاں رسائی آسان نہ ہو اور زیادہ فاصلہ ہے تو ائیر ایمبولینس کے ذریعے وہاں سے مریض کو قریبی ہسپتال منتقل کر کے اس کی زندگی اور اعضاءکو ضائع ہونے سے بچایا جائے ،ہم موٹر وے پر 1122کی سروس شروع کر رہے ہیں ، عوام کی سکریننگ ہو جائے تو بہت سے پیچیدگیوں سے بچ جائیں گے ، ہیپاٹائٹس اور ٹی بی کا معلوم نہ ہونے پر بیماری ایڈ وانس سٹیج پر پہنچ جاتی ہے ، اگر عوام کی بروقت سکریننگ کر کے تشخص ہو جائے تو کوئی بھی شخص واپس زندگی کی طرف لوٹ سکتا ہے۔
مریم نواز نے کہا ہم نے 2015میں ہیلتھ کارڈ بنایا تھا اور یہ ایسے بنایا گیا تھا کہ اس میں کرپشن اورپسند اور نا پسند نہ ہو ، اس کا اصل مقصد یہ تھا غریب مریض کو مفت علاج اور مہنگی سرجریز کی مفت سہولت ملے ، اس کو ہم ری ڈیزائن کر کے بہت جلد موثر انداز میں پنجاب کے عوام کےلئے دوبارہ لے کر آئیں گے، ہم بیسک ہیلتھ یونٹس اوررول ہیلتھ سنٹرز میںالٹر اساﺅنڈ کی سہولت دیں گے ، ٹیسٹوں کےلئے لیبز کو سہولت دیں گے اور اس منصوبے کا میں جلد اعلان کروں گی ، نواز شریف کے دور میں نرسز کےلئے بہت کام ہوا ہے ، آج نرسز کی تعداد کم اور طلب زیادہ ہے ،میں چاہتی ہوں ان کی بہترین تربیت ہو ، نرسز نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ممالک بھی نوکری کریں ،ہماری نرسز یورپی ممالک میں بھی جائیں اس کےلئے سرٹیفکیشن پر بھی توجہ دیں گے، ان کی عالمی معیار کی تربیت کا انتظام کریں گے ،میں خواتین کےلئے بہتر اورمحفوظ پنجاب بنانا چاہتی ہوں میں اس کےلئے ایک خصوصی ہیلپ لائن شروع کرنا چاہتی ہوں اور اس کےلئے منصوبہ بندی کر لی ہے وہ صرف خصوصی طور پر خواتین کےلئے مختص ہو گی ،ٹرانسجینڈر کےلئے خصوصی پیکیج بنا رہی ہوں اس کا جلد اعلان کروں گی ان کو قومی دھارے میں لانا ان کو عزت والا روزگار فراہم کرنا میری ذمہ داری ہے، اقلیتوںکےلئے محفوظ پنجاب بنائیں گے ،اقلیتیں میرے سر کا تاج ہیں، جیسے ہمارے قومی پرچم میں انہیں تسلیم کیا گیا ہے ہمارے نظام میںبھی اسی طرح ہونا چاہیے ،میں ایسے محفوظ پنجاب کا خواب دیکھتی ہوں جہاں پر کسی اقلیتی کو ڈر اور خوف میں اپنی رات نہ گزارنی پڑے۔
ہر یونین کونسل میں ایک گراﺅنڈ مختص ہو گی ، سپورٹس کا بہترین انفراسٹر اکچر ہو گا ،تربیت کے پروگرام ہوں گے، ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کریں گے اور اس کو میں کھیلتا پنجاب کا نام دوں گی ، تجویز ہے جو 49ہزار سرکاری سکول ہیں ان کی گراﺅنڈز کو عام بچوں کےلئے کھول دیا جائے ،نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا ڈیجیٹل پنجاب میر ا ویژن ہے ، لوگوں کی قطار وں اور فائلوں سے جان چھوٹے ، ہم پنجاب میں آئی ٹی سٹیز بنا کر جائیں گے،اسی ویژن کے تحت گھر بیٹھے 43سہولتیں دیںگے ، مریم کی دستک پروگرام کے تحت انتہائی کم فیس میں پاسپورٹ ،اراضی ،وہیکل ،پراپرٹی کی رجسٹریشن ، برتھ ، ڈیتھ سرٹیفکیٹس کی سہولت دیںگے اور پہلے مرحلے میں 10خدمات آپ کی دہلیز پر ہوں گی، یہاں پر آئی ٹی پارکس ، آئی ٹی سٹیز بنیں ، عالمی نامور ٹیک کمپنیز ہیں پاکستان آئیں ، میں نے اس سلسلہ میں ذمہ داری لگادی ہے ،انہیں جو مراعات چاہئیں وہ حکومت پنجاب دے گی ، ہم زمین دیں گے ، گرے سٹرکچر دیں گے ،ہم چاہتے ہیں ٹیک جائنٹس پنجاب میں اپنے دفتر کھولیں ، والدین اپنے بچوں کےلئے انٹر نیٹ کے پیکیج کراتے ہیں ،پنجاب کے ہر بڑے شہر ہیں مفت وائی فائی ہوگا ، ہم پائلٹ پراجیکٹ کے تحت لاہور میں اس کا آغاز کرنے جارہے ہیں اوربہت جلدی لانچ کریں گے، شہباز شریف نے ای لائبریریز کا منصوبہ شروع کیا اس کو فعال کر رہے ہیں، انٹر سٹی اورانٹرا سٹی بہترین شاہراہیں ہو ں گی اس کےلئے منصوبے پر کام شروع کریںگے ،نئی موٹر ویز پر بھی کام کر رہی ہوں ، ہم پنجاب کے عوام کےلئے راستے ہموار کریںگے اور آسان کریں گے،شہباز شریف کے منصوبے پکیاں سڑکاں سوکھے پینڈے کو آگے بڑھاﺅں گی ،فارم 2مارکیٹ روڈ کو بہترین کیا جائے گا۔
مریم نواز نے کہا تمام بڑے شہر وں جہاں جہاں ضرورت ہے وہاں میٹرو بس منصوبے شروع کریں گے، میری خواہش ہے کوئی ایسا شہر نہ ہو جہاں پر بہترین پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت دستیاب نہ ہو ، جنوبی پنجاب پر خصوصی توجہ ہو گی ، اراکین اسمبلی سے روزانہ کی بنیاد ملاقاتیں ہو گی اس کا آغاز جنوبی پنجاب کے اراکین اسمبلی سے ملاقات سے کروں گی ، پنجاب کے ہر حصے میں مساوی ترقی ہو گی ،میں پنجاب کی وزیر اعلیٰ ہوں اور میں پنجاب کی ساڑھے 12کروڑ عوام کی ذمہ دار ہوں، ہمیں بتدریج الیکٹرک ٹرانسپورٹ کی طرف جانا پڑے گا،چارجنگ پوائنٹس کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں ، ہمیں الیکٹرک وہیکل کے ماڈل کی طرف جانا پڑے گا، محفوظ پنجاب میرا خواب ہے ، پہلے مرحلے میں پنجاب کے 18شہروں میںسیف سٹیز کا منصوبہ بنا رہی ہوں اور 5سال کے بعد جب حکومت چھوڑ کر جارہے ہوں گے تو ہر ضلع وہاں سیف سٹی کا منصوبہ ہوگا ،میں تھانے کے دور ے پر جارہی ہوں میں دیکھنا چاہتی ہوں جب کوئی شخص تھانے فریاد لے کر جاتا ہے تو اس کے ساتھ کیا سلوک ہوتا ہے ، ایف آئی آر کی رجسٹریشن میں آسانی اور فالو اپ ہوگا، ہم ماڈل ویمن پولیس سٹیشن بھی بنائیں گے،ہر تھانے میں ڈیسک ہوگا جو صرف خواتین کےساتھ ڈیل کرے گا، ٹیکسلا میں پولیس گردی کا جو واقعہ ہوا ایسے واقعات کےلئے زیرو ٹالرنس ہے میں تحقیقات کا حکم دوں گا اور اس کو ضرور دیکھیں گے۔
نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا زراعت میں زیادہ توجہ چھوٹے کسانوں پر ہو گی ،سمارٹ ایگریکلچر زون بنائیں گے،میکانائزیشن نہ ہونے کی وجہ سے زیادہ کام پرانے طریقوں سے ہو رہا ہے ، ہم کسانوں کو زرعی مشینری رعایتی قیمت پر دیں گے ،میکانائزیشن نہ ہونے ،جدید مشینری اور سہولتوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے ہر سال 30لاکھ ٹن گندم اور 35لاکھ ٹن چاول ضائع ہوتاہے جس کی مارکیٹ ویلیو 600ارب روپے بنتی ہے اگر ہم اس کو بہتر کر لیں تو سوچیں کہاں کھڑے ہوں گے،کسانوںکو جو مشینری چاہیے پنجاب حکومت ون ونڈو آپریشن کے تحت فراہم کرے گی ،ساہیوال اور اوکاڑہ سے اس کا آغاز کروں اور یہ ہر جگہ بنے گا ،ون ونڈوں آپریشن کے تحت تحت ایک چھت کے نیچے زرعی قرض، معیار ی کھاد، معیار ی بیج ،مشینری ملے گی ،ریسرچ کےلئے فنڈز دیں گے ،کوشش ہے کسانوں کو اجناس رکھنے کےلئے گودام بناکر دیں، پاکستان کے ترش پھلوں کی دنیا میں بہت مانگ ہے اور ہم اس کو ایکسپورٹ کر سکتے ہیں ، یہاں پھلوںکو بیماریاں لگتی ہیں جس سے پیداوار اور ایکسپورٹ نیچے آئی ہے ، ہم اس کو بہتر کریں گے تاکہ اس کو ایکسپورٹ کر سکیں ،دیہی علاقوں میں لوگوں کا لائیو سٹاک پر انحصار ہوتا ہے ، ان کےلئے خصوصی پیکیج لا رہی ہوں ، مفت مویشی فراہم کریں گے ، پاکستان کے گوشت کی معیار کے لحاظ سے مانگ ہے ، ہم اس کی ایکسپورٹ بڑھا کر ملک کےلئے آمدن حاصل کر سکتے ہیں،کوشش ہو گی پرائیویٹ لوگ سیکٹر میں سرمایہ کاری کریں ، ہم انٹر نیشنل مارکیٹ تلاش کرنے میں مدد کریں گے
مریم نواز نے کہابجلی کے بلوں میں فوری ریلیف دینا ممکن نہیں ، میری ٹیم کام کر رہی ہے ، ہمیں سولرائزیشن کی طرف جانا پڑے گا ،ہماری کوشش ہے 300 اور اس سے کم یونٹس استعمال کرنے والوںکو سولر پینل دیں اور اس کےلئے قرضوں کی قسط بھی انتہائی کم ہو ، اس کےلئے بہت جلد پالیسی لے کر آﺅں گی ، پنجاب میں ایک لاکھ گھروں سے اپنی چھت کی فراہمی سے منصوبے کا آغاز کریں گے، ہم چاہتے ہیں کثیر المنزلہ گھروں کی سکیم کا اعلان کریں گے، صفائی ستھرائی میں پنجاب کے اضلاع میں مقابلہ کرائیں گے ،اضلاع کا سکور کارڈ بنے گا اور اس کی کارکردگی میرے پاس آئے گی اسے عوام کے سامنے رکھوں گی ، کلائمیٹ چینج بہت بڑا چیلنج ہے ، اس کےلئے کام شروع کر دیا ہے ، ہم جدید ٹیکنالوجی سے سموگ کو بہتر بنائیں گے ،میری کوشش ہے اوورسیز پاکستانیوںکےلئے ایک ایسا سسٹم بنے جس سے ان کے یہاں پر مسائل فوری حل ہوں ،میڈیا کی سیفٹی اورسکیورٹی کےلئے کام کریں گے انہیں ہیلتھ انشورنس دیں گے ، میں اپنے دفتر میں نہیں بیٹھوں گی بلکہ باہر فیلڈ میں رہوں گی،5سال میںگندگی کے جو ڈھیر لگ گئے ہیں میں ایک ماہ کا وقت دیتی ہوں گند اورغلاظت کے کہیں ڈھیر نظر نہ آئیں،میں سپیکر سے درخواست کرتی ہوں پریس گیلری کو صحافیوں کےلئے کھول دیا جائے ،منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مزید کہا کامیابی اللہ کے ہاتھ میں ہے ، ایک انسان کے ہاتھ میں صرف محنت ،کوشش توجہ اور نیک نیتی ہے ،میں عوام کو بتانا چاہتی ہوں وہ میری محنت توجہ اور نیک نیتی میں کوئی کمی نہیں دیکھیں گے ، دعا ہے اللہ تعالیٰ ہمیں بہتر پنجاب بنانے کی توفیق دے۔
سمندر میں تیل و گیس کی تلاش معاشی ترقی کےلئے اہم پیشرفت ہے،وزیراعظم
پاک بھارت تعلقات میں اہم پیشرفت، مصدق ملک کی دہلی پرواز
سربراہی ملاقات یادگار سنگ میل ،امن کا پیغام،،مثبت نتائج نکلیں گے،چینی وزیر خارجہ
بلاول بھٹو نے ن لیگ کےساتھ ملکر پی ٹی آئی حکومت گرائی،نعیم الر حمن
چھوٹے صوبے یا بادشاہتیں اور شہنشاہ ایسے ملک نہیں چلے گا،سعد رفیق
دہشتگردی کی لعنت کو فیصلہ کن طور پر ختم کرینگے،فیلڈ مارشل
10اداروں میں کرپشن کا امکان زیادہ، اصلاح کیلئے رپورٹ تیار کرلی،وزیر قانون
شہباز کو 2مرتبہ وزیراعظم بنوایا،چاہتاہوں مدت پوری کرنےوالے پہلے وزیراعظم بنیں،بلاول بھٹو
روس نے پاک افغان مذاکرات کی بحالی کیلئے ثالثی کی پیشکش کردی
ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی اعجاز الحق نے استعفیٰ دےدیا
















