حافظ آباد: ٹریفک پولیس کے بلا جواز چالانوں کیخلاف شہری سراپا احتجاج

حافظ آباد:(قمر عباس) حافظ آباد میں ٹریفک پولیس کی جانب سے بلا جواز چالانوں کی بھرمار کا سلسلہ نہ رک سکا۔ ٹریفک پولیس ملازمین کاٹریفک آفس کے سامنے، لاری اڈہ، اندرون شہر پھاٹک، جناح چوک، فوارہ چوک، مدہریانوالہ بائی پاس، کسوکی بائی پاس، گھوڑا چوک میں ناکہ لگا کر چالان کرنا اولین ترجیح بن گیا۔جو شہری ٹریفک پولیس کے چنگل سے بچ جائیں انھیں نام نہاد پرائیویٹ لفٹر بھاری جرمانہ کر دیتا ہے۔ شہر کی مرکزی شاہراوں سے ٹریفک پولیس ملازمین غائب رہ کر ٹریفک کی روانی کی فکر کیے بغیر چالان کاٹنا اپنی ڈیوٹی سمجھنے لگے۔بلا جواز چالان کاٹنے اور ٹریفک کی روانی کو برقرار نہ رکھنے پرشہری ٹریفک پولیس چیرہ دستیوں کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک اہلکار دن کے وقت ٹریفک رواں دواں رکھنے کی بجائے رات کے وقت مین شاہراوں اور بائی پاسز پر ناکے لگا کر ٹرکوں اور ڈمپروں سے بھتہ لینے میں مصروف رہتے ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف ٹریفک پولیس میں دن بدن کرپشن بڑھ رہی ہے بلکہ ٹریفک کی روانی میں بھی مسائل پیدا ہورہے ہیں۔اندرون شہر پرائیویٹ ٹھیکیدار کی مدد سے حاصل کیا گیا لفٹر پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں کو ا±ٹھا کربھی تھانے لے آتا ہے اور بھاری جرمانے وصول کرکے گاڑیوں کو مالک کے حوالے کیا جاتا ہے۔ غیر قانونی اور غیر اصولی جرمانے وصول کرکے ٹریفک پولیس شہریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ ڈھا رہی ہے۔

لوگوں نے کہاشہر کی ٹریفک کا بنیادی مسئلہ جابجا ٹریفک جام رہناہے، گنجان آباد شہری علاقوں ڈاکخانہ روڈ، ونیکے روڈ، پھاٹک تا فوارہ چوک، جلالپور روڈ، قتل گڑھا چوک، علی پور روڈ،کسوکے روڈ، علی پور روڈ، پھاٹک تا لاری اڈہ اور ریل بازار سمیت دیگر شاہراوں پر ٹریفک جام کے مسائل سب سے زیادہ ہیں جبکہ ان علاقوں میں ٹریفک پولیس کے اہلکار ڈیوٹی پر نظر آتے ہیں، لیکن وہ صرف چالان کاٹنے پر توجہ دیتے ہیں، جب کہ ٹریفک جام کی طرف ان کی کوئی توجہ نہیں۔

شہریوں نے آئی جی پنجاب، آر پی او گوجرانوالہ اور ڈی پی او حافظ آباد فیصل گلزار سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک پولیس کی اصلاح کے لیے عملی اقدمات کیے جائیں اور جرمانہ اور چالان کی کاٹنے کی طرف توجہ دینے والے ٹریفک پولیس ملازمین کو ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کی بھی ہدایت دی جائے۔ ٹریفک سسٹم کی بہتری کیلئے غریب و مفلوک الحال عوام کو بلاز جواز جرمانے اور پرائیویٹ لفٹر کے ساتھ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو اٹھا اٹھا کر تھانے بند کرکے بھاری جرمانے وصول کرکے کہنہ مشق بنانے کی بجائے حکمت و تدبیر کو اپنانے کی ضرورت ہے تاکہ عوام خوشدلی سے از خود ٹریفک قوانین کا احترام کرنے والے بنیں اور روزبروز بڑھتی ٹریفک کے باوجود ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے، اس کیلئے ضروری ہے کہ ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکاران کو ٹریفک روکنے اور بلا جواز جرمانے کرنے کی بجائے ٹریفک کی روانی پر مامور کیا جائے۔