ن لیگ کے ملک احمد خان سپیکر،ظہیر اقبال چنڑ ڈپٹی سپیکرپنجاب اسمبلی منتخب

لاہور:(رپورٹنگ ٹیم)ن لیگ کے ملک احمد خان 224ووٹ لیکر سپیکر پنجاب اسمبلی منتخب،ڈپٹی سپیکرپرظہیر اقبال چنڑ نے میدان مار لیا۔

سپیکر و ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کیلئے پنجاب اسمبلی کا اجلاس ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا ،نامزد وزیراعلیٰ مریم نواز کی ایوان میں آمد پر اراکین نے شور شرابہ اور نعرے بازی کی، سنی اتحاد کونسل کے اراکین نوازشریف،ن لیگی ممبران بانی پی ٹی آئی کیخلاف نعرے لگاتے رہے،نعرے بازی کے دوران (ن) لیگی مریم نواز کی نشست کے اردگرد جمع ہوگئے جس کی وجہ سے سپیکر و ڈپٹی سپیکر کیلئے ووٹنگ مقررہ وقت پر شروع نہ ہو سکی۔

نماز مغرب کے بعد اجلاس دوبارہ شروع ہوا تو نئے سپیکر کے انتخاب کا عمل شروع کیا گیا،سپیکر نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں پر فیصلے تک الیکشن ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کردی ،ووٹنگ خفیہ رائے شماری کے تحت کی گئی، 3 پولنگ بوتھ بنائے گئے ،322 اراکین نے ووٹ کاسٹ کیا، 16 ممبران نے انتخاب میں حصہ نہیں لیا،27 مخصوص نشستیں الاٹ نہ ہونے کے باعث ووٹ کاسٹ نہ ہو سکا۔

ووٹنگ کے بعد گنتی کی گئی اور ن لیگ کے ملک احمد خان نے 224ووٹ لیکر کامیابی سمیٹ لی،جیت کااعلان ہوتے ہی ن لیگی ممبران نے شیر شیر ، مریم مریم کے نعرے لگائے،سنی اتحاد کونسل کے احمد خان بھچر کو96ووٹ ملے،2ووٹ مسترد ہوئے،نامزد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سیٹ سے اٹھ کر ملک احمد خان کو مبارکباد دی۔

سبطین خان نے نومنتخب سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان سے حلف لیا،حلف اٹھانے کے بعد ملک احمد خان نے ڈپٹی سپیکر کیلئے ووٹنگ کرائی،ن لیگ کے ملک ظہیر اقبال چنڑ نے سنی اتحاد کونسل کے معین ریاض کو پچھاڑ دیا۔

قبل ازیں اجلاس کے آغاز پر مزید 6نومنتخب اراکین وسیم خان بادو زئی،فرحت عباس، رائے مرتضی اقبال،فتح خالق بندیال، چودھری شافع اور تشکل عباس وڑائچ نے حلف اٹھایا،نئے اراکین کے بعد ایوان میں حلف اٹھانے والے ممبران کی تعداد 327 تک جاپہنچی۔

اجلاس کے موقع پر سکیورٹی ہائی الرٹ رہی،پولیس نے پنجاب اسمبلی کے باہر سے 5مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا،پولیس کے مطابق پانچوں افراد نے خود کو حساس ادارے کا افسر ظاہر کیا،پنجاب اسمبلی میں داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے،تھانہ سول لائن منتقل کردیاگیا۔