کراچی:(بیورورپورٹ)سندھ کے نومنتخب اراکین اسمبلی نے حلف اٹھا لیا،اپوزیشن کادھاندلی کیخلاف احتجاج،دھرنے،کراچی میدان جنگ،جھڑپیں ،شیلنگ،متعد زخمی وگرفتار، جے یو آئی رہنما راشد سومرو بھی زخمی ہونےوالوں میں شامل،جی ڈی اے نے 27فروری کو یوم سیاہ منانے اور صوبے بھر میں احتجاج کااعلان کردیا۔
سپیکر آغا سراج درانی کی زیرصدارت سندھ اسمبلی کا اجلاس ہوا،147 اراکین نے اردو، انگریزی اور سندھی میں حلف لیا،ریکارڈ 60ممبران پہلی مرتبہ سندھ اسمبلی کے رکن بنے ،ہال جئے بھٹو کے نعروں سے گونج اٹھا،اپوزیشن نے بائیکاٹ کیا،کوئی ممبر حلف لینے اسمبلی نہ پہنچا۔
دریں اثنا سپیکر و ڈپٹی سپیکر سندھ اسمبلی کاانتخاب اتوار کو ہوگا،ایم کیو ایم ،پیپلز پارٹی نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے،ایم کیو ایم نے پیپلز پارٹی کی جانب سے امیدوار دستبردار کرنے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے سپیکرو ڈپٹی سپیکر کےلئے صوفیہ،راشد شاہ کو نامزد کردیا،پیپلزپارٹی کے اویس شاہ سپیکر اور انتھونی نوید ڈپٹی سپیکر کے امیدوار ہیں۔
دوسری جانب انتخابی دھاندلی کیخلاف اپوزیشن نے کراچی بھر میں احتجاج کیا ،دھرنے دئیے، سندھ اسمبلی کے باہر کارکن رکاوٹیں عبور کرکے ریڈ زون میں داخل ہوگئے مگرپولیس نے آگے بڑھنے سے روکدیا ،شہر قائد کے متعدد مقامات میدان جنگ بنے رہے،پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے شیلنگ ،لاٹھی چارج کیا،کئی زخمی ہوگئے،پولیس نے متعدد کو گرفتار کرلیا۔
ہنگامہ آرائی کے سبب اہم شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام رہا،شاہراہ فیصل پر جے یوآئی کارکن راشد سومرو کی زیر قیادت ریلی کی صورت میں پریس کلب کی جانب جا رہے تھے ،پولیس نے دھاوا بول دیا،جے یوآئی نے کہا حملے میںپارٹی رہنما راشد سومرو بھی زخمی ہوئے ،ذمہ دار وزیر اعلیٰ ،آئی جی سندھ ہیں،پی پی اتنا ظلم کرے جتنا کل برداشت کرسکے، نہتے و پرامن کارکنوں پر لاٹھی چارج اور شیلنگ قابل مذمت ہے،کارکنوں کے خون کا حساب لیں گے۔
دریں اثنا جی ڈی اے کے جنرل سیکرٹری صفدر عباسی نے کہا ریاستی دہشتگردی کی گئی،جے یوآئی کے قافلے پر حملہ کیا گیا، مشاورت کے بعد فیصلہ کیا ہے 27فروری کو یوم سیاہ منائیں گے اور صوبے بھر میں بھرپور احتجاج ہوگا۔
سندھ ،اپوزیشن کادھاندلی کیخلاف احتجاج،کراچی میدان جنگ،جھڑپیں ،شیلنگ


















