اسلام آباد،لاہور:(بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر)سائفر ،توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی دونوں اپیلوں پر خصوصی بنچ تشکیل دےدیاگیا،اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار نے اپیلیں پیر کو سماعت کےلئے مقرر کردیں۔
چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل خصوصی بنچ سماعت کرے گا،سائفر کیس میں شاہ محمود قریشی کی اپیلوں پر بھی پیر کو سماعت ہوگی۔
ادھر لاہور ہائیکورٹ میں توہین الیکشن کمیشن کیس میں بانی پی ٹی آئی کے جیل ٹرائل کےخلاف درخواستیں سماعت کےلئے مقرر کرلی گئیں،جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں 3رکنی بنچ پیر کو سماعت کرے گا۔
مزید برآں جناح ہاﺅس، عسکری ٹاور، مسلم لیگ(ن) ہاﺅس جلانے سمیت 7دیگر مقدمات میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی،بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری مکمل نہیں ہو سکی، عدالتی حکم کے مطابق واٹس ایپ پر حاضری نہیں لگی۔
دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیئے اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ توہین عدالت کے مرتکب ہوئے اگر سپرنٹنڈنٹ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی تو ملزم کی عبوری ضمانت پر فیصلہ تاخیر کا شکار ہو جائےگا، ملزم کی جیل سے حاضری کے معاملے کو چھوڑ دیتے ہیں ، عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی حاضری کے بغیر عدالتی کارروائی جاری رکھنے کا حکم دےدیا۔
عمران خان کی اپیلیں پیر کوسماعت کیلئے مقرر،خصوصی بنچ تشکیل


















