ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی بھل صفائی کے بعد راجباہ 9ایل کے کناروں پر پڑی مٹی فوری اٹھانے کی ہدایت،خشک مٹی سے شہری سانس کی بیماریوں کاشکار ہو رہے ہیں اور یہ مٹی ماحولیاتی آلودگی کا بھی سبب ہے۔ پاکپتن چوک سے عارف والا چوک تک نہر کے کنارے اگلے 5دنوں میں صاف کئے جائیں ،کمشنر ساہیوال۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ اور پسپ پروگرام کے سٹی منیجر اسجد خان سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے ہائی سٹریٹ پر موجود تجاوزات پر ناراضگی کا اظہار کیا اور میونسپل آفیسر اشفاق لودھی کو سختی سے ہدایت کی کہ اینٹی انکروچمنٹ سکواڈ تمام دن ہائی سٹریٹ پر تعینات رہے اور مسلسل اینٹی انکروچمنٹ سرگرمیاں جاری رہیں۔ انہوں نے کہا کہ عام شہری کا ہائی سٹریٹ سے گزرنا محال ہے جو کارپوریشن کے عملے کیلئے لمحہ فکریہ ہے ۔اجلاس میں سٹی منیجر محمداسجد علی نے بتایا کہ کل فرید ٹاﺅن روڈ اور منگل سے فتح شیر روڈ پر اسفالٹ کی دوسری تہہ ڈال دی جائیگی جس سے دونوں سڑکوں کا تعمیراتی کام مکمل ہو جائے گا۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے علامہ اقبال روڈ پر پلانٹیشن کاکام شروع ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا اور لگائے گئے پودوں کی مسلسل دیکھ بھال کی بھی ہدایت کی۔ دوسری طرف میونسپل کارپوریشن شہر کے دونوں بس اڈوں سے ریکارڈ ریکوری جاری ہے جو سال 2022-23 کے جولائی سے فروری کے اسی عرصہ میں 74لاکھ73ہزار روپے کے مقابلے میں سال 2023-24 میں ایک کروڑ 31لاکھ 77ہزارہو گئی ہے جو ریکوری کا 57 فیصد ہے۔ یہ بات چیف آفیسر شیخ اشفاق احمد نے کمشنر آفس میں ہونیوالے جائزہ اجلاس میں بتائی جس کی صدارت کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے کی۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال کارپوریشن نے خود ریکوری کا فیصلہ کیا جس سے کارپوریشن کی آمدنی میں یہ ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بیرون لاری اڈاسے 58 لاکھ 34 ہزار 2سو روپے کے مقابلے میں 94لاکھ29ہزار 2سو روپے اور ریلوے روڈ اڈے سے 9لاکھ61ہزار 800روپے کے مقابلے میں 37لاکھ 47ہزار 9سو روپے وصول ہوئے ہیں -کمشنر شعیب اقبال سید نے اس ریکارڈ ریکوری پر متعلقہ عملے کی کاوشوں کو سراہا اور انہیں اسی دلجمعی سے کام جاری ر کھنے کی ہدایت کی۔
کمشنر ساہیوال کا بھل صفائی کے بعد مٹی فوری اٹھانے کا حکم
















